Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگریس نےریزرویشن کیلئے ہاردک کا مطالبہ قبول کرلیا

    احمد آباد۔۔۔۔۔۔ گجرات کے اسمبلی انتخابات کے دوران  حکمراں جماعت بی جے پی  کو کرارا جھٹکا  پہنچا ہے کیونکہ کانگریس نے  پٹیل برادری  کو ریزرویشن دینے کیلئے  ہاردک پٹیل  کا مطالبہ  مشروط  طور سے  قبول کرلیا ہے۔  یہ بات  بدھ کو  ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  پٹیل برادری کے لیڈر  ہاردک پٹیل نے  بتائی۔  انہوں نے کہا کہ  انہیں  ریزرویشن کے سلسلے میں کانگریس کا فارمولا منظور ہے ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد  ریزرویشن کو لے کر  اسمبلی میں  ایک قرارداد منظور کی جائیگی  جس میں  پٹیل  برادری کو  آئین کے مطابق  ریزرویشن  دیا جائیگا۔  انہوں نے کہا کہ کانگریس  سے  طویل  با ت چیت کے بعد آخر کار  ریزرویشن کا مسئلہ حل ہوگیا  کیونکہ سپریم کورٹ نے  50 فیصد  ریزرویشن  کی حد  مقرر کررکھی ہے  جو پہلے ہی تقسیم ہوچکی ہے۔  پٹیل برادری  کو  اس 50 فیصد کی حد سے  بڑھ کر  کانگریس  ریزرویشن دینے  کیلئے تیار ہے۔  آئین کی دفعہ 31 اور 46  کے تحت کانگریس اسی وقت  ریزرویشن کی قرار داد منظور کرائیگی جب وہ ریاست میں  الیکشن جیت کر حکومت بناتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ یہ فطری بات بھی ہے کہ جب کوئی پارٹی  حکومت  بناتی ہے تو اس وقت وہ اپنے  معاہدوں کو پورا کرتی ہے تاہم اسے  اب  اپنے انتخابی منشور میں  ریزرویشن کا پورا فارمولا مکمل حل کے ساتھ شامل کرنا ہوگا۔  ہاردک پٹیل نے کہا کہ  انہیں  کانگریس کا ایجنٹ کہا جاتا ہ  لیکن وہ کسی کے بھی ایجنٹ نہیں  بلکہ  عوام کے ایجنٹ ہیں۔  یہی وجہ ہے کہ انہوں نے  بی جے پی سے بھی  ریزرویشن کے سلسلے میں  بات چیت کی تھی  جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پٹیل برادری کیساتھ ساتھ  سماج کے دوسرے طبقات کو بھی  ریزرویشن  دیا جانا چاہیئے لیکن  بی جے پی کی نیت  ٹھیک نہیں ،  اس نے ہماری بات سننا بھی گوارا نہیں کی ۔ بہرحال کانگریس  نے ہماری بات سنی تو اسکے ساتھ سمجھوتہ ہوگیا۔  انہوں نے کہا کہ  او بی سی کمیشن کے ساتھ مل کر  سروے کرانے کی بات  کانگریس پارٹی نے واضح طور سے کہی ہے اور وہ خود بھی  یہی چاہتے ہیں کہ  ریزرویشن کے سلسلے میں  پاٹیدار  سماج  کا بھی سروے ہونا چاہیئے۔ لوگ کہتے ہیں کہ پاٹیدار  برادری  مالی اعتبار سے مضبوط ہے لیکن سروے کے بعد صحیح پوزیشن  سامنے آجائیگی اور  لوگ خود سمجھ لیں گے کہ میں  آخر پٹیل برادری کیلئے ریزرویشن کا مطالبہ کیوں کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی  پٹیل برادری کے ووٹ منقسم کرنے کیلئے اب تک 200 کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے اور  اس نے برادری  میں پھوٹ ڈالنے کیلئے  آزاد امیدوار کھڑے  کئے ہیں۔ میں ان امیدواروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ  اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں۔ ساتھ  ہی  پٹیل برادری  سے بھی اپیل ہے کہ وہ ان آزاد امیدواروں کو ووٹ نہ دیں۔

شیئر: