Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگی کی ریلی میں مسلم کارکن کا برقہ اتروادیاگیا

    لکھنؤ- - - - -ریاست اترپردیش کے ضلع بلیا میں گزشتہ روز  ریاستی وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی  سے متعلق ایک وڈیو  بہت تیزی سے وائرل ہورہی ہے کیونکہ  اس ریلی میں  وزیراعلیٰ کو سننے آئی ایک مسلم خاتون سے  پولیس زبردستی  برقع اتروا رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد  بلیا پولیس پر شدید تنقید  ہورہی ہے۔  وائرل اور میڈیا ذرائع کے مطابق دراصل وزیر اعلیٰ یوگی  کی بلیا میں  ریلی  کے موقع پر  ایک مسلم خاتون سائرہ  بھی  وزیراعلیٰ کا خطاب سننے کیلئے اس وجہ سے آئی تھی کہ وہ خود  بی جے پی کی کارکن  بتائی جارہی ہے۔  سائرہ کو  ریلی میں برقعے میں دیکھ کر 3 خاتون پولیس اہلکار اُن کے پاس پہنچیں اور برقع اتارنے کی ہدایت کی۔ سائرہ نے پہلے  تھوڑی مزاحمت کی مگر پھر  برقع  کا نقاب  ہٹا  کر ساڑھی  کے پلو سے سر ڈھانپ لیا لیکن پولیس اہلکارو ں نے  پورا برقع  ہٹانے کو کہا ۔ اس طرح پولیس نے  سائرہ سے ریلی  میں سرعام برقع اتروایا اور بعد میں  پولیس اہلکاروں نے برقع کو واپس نہیں کیا بلکہ اسے ضبط کرلا۔  بتایا جارہا ہے کہ ریلی میں پولیس اور خفیہ  ایجنسیوں نے  یوگی  آدتیہ ناتھ کی سیکیورٹی  سخت کی تھی۔  اس وجہ سے کالا جیکٹ ، کالا کوٹ اور سوئٹر پہننے والے لوگوں کو  ریلی میں آنے کی اجازت نہیں تھی۔  سائرہ  کابرقع  چونکہ  کالے رنگ  کا تھا اس لئے  اسے بھی اتروا لیا گیا۔  جب اس معاملے پر  بلیا کے ضلع ایس پی انیل کمار  سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ  انہیں  اس طرح کے کسی واقعہ کے بارے میں علم نہیں۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ  پولیس اہلکارو ں کو  تاکید تھی کہ کالے کپڑے  پہننے  لوگوںکو  ریلی میں شامل  نہ ہونے دیا جائے کیونکہ میرٹھ میں  جب سے  یوگی کیخلاف  کالے جھنڈوں سے احتجاج کیا گیا  ،بلیا پولیس نے کسی کو بھی کالے لباس  میں آنے کی ممانعت کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ ہوگی اور کارروائی کی  جائیگی ۔

شیئر: