Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کے امن مشن پر ویٹیکن کے پوپ کا اظہار قدرومنزلت

    ریاض- - - - - - مشیر وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللہ اللحیدان  کی  زیر قیادت سعودی وفد نے ویٹیکن کے پوپ سے  روم میں ملاقات کی۔ سعودی وفد مختلف شعبوں کے امور کے ماہرین پر مشتمل تھا۔ سعودی وفد نے ویٹیکن کے پوپ کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد نائب وزیر و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے خیر سگالی اور قدرو منزلت کا پیغام پیش کیا۔ ویٹیکن کے پوپ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے امن مشن پر قدرومنزلت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب کیلئے خاص قدرو منزلت رکھتے ہیں اور اپنے غیر ملکی دوروں کے موقع پر ایک طرف تو وہ قیام امن کی اپیل اور دوسری جانب مسلم دنیا کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے استحکام پر زور دیتے ہیں۔ سعودی وفد نے پرامن بقائے باہم اور امن و امان سے متعلق قلبی جذبات کے اظہار پر ویٹیکن کے پوپ کیلئے قدر ومنزلت کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ دہشت گردی کو مذاہب سے جوڑنے کے دعوؤں کو مسترد کرنے پر سعودی عرب، ویٹیکن کے پوپ کا شکر گزار ہے۔ سعودی وفد نے توجہ دلائی کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزؒ نے 2007ء میں ویٹیکن کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے پوپ سے ملاقات کر کے رواداری کیلئے تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مکالمے کی اہمیت سے اتفاق کیا تھا۔ سعودی وفد کی ملاقات کے موقع پر اس امر کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی کہ سعودی عرب اور ویٹیکن اعتدال پسندی اور معاہدوں کی پاسداری کی بدولت اپنا دینی او ربین الاقوامی سیاسی وزن رکھتے ہیں۔ مملکت کی مساعی کی بدولت تہذیبوں اور مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے کیلئے شاہ عبداللہ مکالمہ مرکز قائم کیا گیا جس میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ اسپین، آسٹریا اور ویٹیکن نے بھی حصہ لیا۔ مملکت نے ملائیشیا میں عالمی امن کیلئے شاہ سلمان مرکز او رریاض میں انتہا پسندانہ افکار کے انسداد کیلئے اعتدال عالمی مرکز قائم کر کے عالمی امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ اسلام نے ہمیں دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ تمام تر اختلافات کے باوجود پرامن بقائے باہم کا درس دیا ہے۔ اختلاف حتمی اور فطری امر ہے۔ اختلافات کو نفرت پھیلانے کا باعث نہیں بننے دینا چاہئے۔ اختلاف کو تعارف اور تعاون کا ذریعہ بنایا جانا ضروری ہے۔ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر اللحیدان نے ویٹیکن کے پوپ کو شیلڈ اور سعودی ورثے کا نمائندہ تحفہ پیش کیا۔
 

شیئر: