Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کی برفپوش سڑک پر متعد د گاڑیوں کا ہولناک تصادم

 ماسکو....  برفباری اور ٹریفک حادثات کا جیسے چولی دامن کا ساتھ ہو۔ برفباری جاری رہنے تک کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوتا لیکن جیسے ہی برفباری رکتی ہے اور برف پگھلنے کا عمل شروع ہوتا ہے تو سڑکیں بیحد چکنی ہوجاتی ہیں اوران پر آہستگی سے گاڑیاں چلانا بھی مسئلہ بنتا ہے مگر کچھ لوگ بلکہ بہت سے لوگ اپنی دھن میں سوار کسی ایسی جگہ جانا چاہتے ہیں جہاں جلد  پہنچنا بیحد ضروری ہو اور اسی کوشش میں وہ طرح طرح کے حادثات کر بیٹھتے ہیں۔ اس حوالے سے روسی دارالحکومت  میں تیار ہونے والی وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ برف سے ڈھکی ہوئی ایک سڑک پر متعدد گاڑیاںپھسلنے کی وجہ سے ڈرائیوروں کے قابو سے باہر ہوگئیں اور ایک دوسرے سے اس طرح ٹکرائیں  کہ پورا راستہ بند ہوگیا۔ حد یہ ہے کہ اس حادثے کے بعد پیدل چلنے والوں کو بھی راستہ نہیں مل رہا تھا۔ موقع پر موجود کچھ لوگوں نے ایک ٹریکٹر حاصل کرکے راستے کو صاف کرایا مگر اس وقت تک کئی گاڑیاں تباہ ہوچکی تھیں۔ اس حادثے کی وڈیو جاری ہوتے ہی مقبول ہورہی ہے ۔ واضح ہو کہ سردی کا موسم یورپ سمیت دنیا کے بہت سے علاقوں میں شروع ہوچکا ہے اور جن علاقوں میں برفباری ہوتی ہے وہاں کی حالت اسی قسم کے حادثات کو روزانہ جنم دیتی ہے۔ جہاں تک اہل برطانیہ کا تعلق ہے تو وہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ برفباری کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل کھڑے ہوجاتے ہیں مگر اس حادثے کی وڈیو دیکھ کر شاید انہیں اپنی آنکھوں پر  یقین نہ آئے کہ اس قسم کے ہولناک حادثات بھی ہوسکتے ہیں۔وڈیو دیکھ کر بہت سے لوگوں نے بتایا کہ حادثے کی بڑی وجہ یہ بھی ہوئی کہ  جس راستے سے گاڑیاں آمد ورفت کررہی تھیں وہ ڈھلان تھی۔ ہوسکتا تھا کہ تمام گاڑیاں  بچ کر نکل جاتیں مگر سامنے سے ایک منی بس آگئی اوررہی سہی کسر  بھی تمام ہوگئی۔بس کی ٹکر نے بھی کئی چھوٹی کاروں کو ادھر سے ادھر پہنچا دیا۔ لوگ گاڑیاں چھوڑ کر باہر نکل آئے اور اتنا شور مچایا کہ کافی دور بیٹھے لوگوں نے بھی آوازیں سنیں اور مدد کیلئے حتی الامکان آگے بڑھنے کی کوشش کی مگر مسئلہ حل ہونے میں کئی گھنٹے صرف ہوئے۔

شیئر: