Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القدس اور فلسطین کا مسئلہ حق اور انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے، سعودی علماء

ریاض.... سعودی عرب کے ممتاز علماءنے مطالبہ کیا ہے کہ القدس اور فلسطین کا مسئلہ حق اور انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے۔ سربرآوردہ علماءبورڈ نے بدھ کو اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ دین اسلام میں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کا رتبہ بہت بڑا ہے۔ القدس اور مسجد اقصیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے قلب و وجدان میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ بیت المقدس کو قرآن کریم نے ایک سے زیادہ مقام پر مبارک سرزمین قرار دیا ہے۔ یہ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو راتوں رات اس کا سفر کرایا گیا تھا اور القدس ہی سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معراج کا سفر شروع کیا تھا۔ سعودی علماءنے توجہ دلائی کہ مسئلہ فلسطین حل کرتے وقت مسلمانوں کے یہاں بیت المقدس کے عظیم رتبے کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ مسئلہ حق اور عدل و انصاف کی بنیاد پر حل کیا جائے۔ ممتاز علماءنے القدس اور مسجد اقصیٰ کے حوالے سے سعودی عرب کی مساعی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین نے ہمیشہ سیاسی، اقتصادی اور امدادی پالیسی کا اہتمام کیا۔ بانی مملکت سے لے کر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد کے عہدتک سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کوشاں مسلم و عرب ممالک میں سر فہرست رہا ہے۔ 

شیئر: