Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز:ہند نے سری لنکا کو0-1سے شکست دیدی

نئی دہلی :ہند اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہو گیا۔3 میچوں کی سیریز 0-1 سے ہندکے نام رہی۔ سری لنکن ٹیم نے میچ کے پانچویں اور آخری روز 410 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 299 رنز بنائے۔ دھننجایا ڈی سلوا اور روشن سلوا نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو شکست سے بچایا بلکہ ہندکی جیت کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔ دھننجایا 119 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ روشن سلوا 74 اور ڈکویلا 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ویرات کوہلی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 
مزید پڑھیں:دہلی ٹیسٹ:ویرات کوہلی کا ڈبل سنچریوںمیں عالمی ریکارڈ
دہلی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 31 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 379 رنز درکار تھے۔ دن کے چھٹے اوور میں جڈیجہ نے اینجلو میتھیوز کو آوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، 35 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان دنیش چندیمل نے میدان سنبھالا۔دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ میں 112 قیمتی رنز جوڑ کر ا سکور 147 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ایشون نے چندیمل کو آوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، چندیمل 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بعدازاں دھننجایا نے روشن سلوا کے ساتھ مل کرا سکور 205 تک پہنچا دیا۔ دھننجایا 119 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ اس موقع پر نیروشان ڈکویلا نے روشن سلوا کا ساتھ دیا۔ دونوں نے ڈٹ کر حریف بولرز کا مقابلہ کیا اور کھیل کے اختتام تک کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔ آخری روز جب امپائرزنے میچ ڈرا ہونے کا اعلان کیا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 299 رنز بنائے تھے۔ روشن سلوا 74 اور ڈکویلا 44 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔جڈیجہ نے 3 ایشون اور شامی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

شیئر: