ہاکی ورلڈ الیون:کراچی اور لاہور میں میچز ہونگے

 
کراچی:پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم12 اور 14 جنوری کو پاکستان میں دو میچز کھیلے گی۔ورلڈ الیون کی ٹیم ارجنٹائن ،ہالینڈ، آسٹریلیا، اسپین اور بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی اور 10 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔شہباز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون پاکستان آمد کے بعد اپنا پہلا میچ 12 جنوری کو کراچی میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 14 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر اصلاح الدین اور حسن سردار سمیت پاکستان اور دیگر ملکوں کے سابق عظیم کھلاڑیوں کوپاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہال آف فیم میں اعزاز سے نوازا جائے گا جبکہ اس دورے سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستانی ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے راضی کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ دہشت گرد ی کے بعد پاکستان پر کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کی انٹرنیشنل ٹیموں کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس کے منفی اثرات ہاکی پر بھی مرتب ہوئے اور اس کے بعد کسی بھی بڑی انٹرنیشنل ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تاہم رواں سال ورلڈ الیون کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان میں کھیلوں کی واپسی کی راہ کسی حدتک ہموار ہوئی ہے ۔

شیئر: