Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پٹرول کی قیمت خطے میں سب سے کم؟

اسلام آباد...وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال خان نے کہا ہے کہ خطے میں پاکستان کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتارچڑھاو کا دارومدار عالمی مارکیٹ پر ہے۔ پاکستان اپنی ضرورت کا 85 فیصد باہر سے درآمد کر رہا ہے۔ مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس پر وزیر مملکت جام کمال نے بتایا کہ پٹرولیم سے متعلقہ 85 فیصد پیداوار پاکستان کی اپنی نہیں۔ یہ درآمد کی جاتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمتوں پر اس کا دارومدار ہے۔ جب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئیں تو اس کو عوام کے لئے کم کیا حالانکہ کئی ممالک نے اس میں 50 فیصد تک کمی کی۔پاکستان میں زیادہ سے زیادہ اپنے عوام کو ریلیف دیا گیا۔ ہند میں پٹرول کی قیمت فی لٹر 118 روپے، سری لنکا میں 87 بنگلہ دیش میں 113 اور نیپال میں100 روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوگرا کی طرف سے یہ بار بار کہا جاتا ہے کہ قیمتوں میں کمی زیادہ نہ کی جائے۔ ہو سکتا ہے عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مزید بڑھیں۔ اس فارمولے کو اپناتے ہیں جو عالمی مارکیٹ میں اپنایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات پر 39 فیصد سے زائد ٹیکسز نہیں۔ اگر قائمہ کمیٹی ان کو زیر بحث لانا چاہتی ہے کہ ان ٹیکسوں میں کتنی کمی کی جاسکتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈالر کی قیمت بڑھے تو اس پر ہی اثر ہوگا۔اس کا سادہ سا فارمولہ ہے۔ عالمی مارکیٹ میں جس شرح سے قیمتیں بڑھیں گی ہم بھی بڑھائیں گے۔ 

شیئر: