Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی حلقہ بندیوں کے بل پر ڈیڈ لاک ختم

  اسلام آباد... نئی حلقہ بندیوں کے بل پر ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماوں کے تحفظات دورکردیئے ۔ حلقہ بندیوں کا بل منگل 19 دسمبرکو سینیٹ سے منظورکرایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ سندھ میں مردم شماری کے 5 فیصد بلاکس کا آڈٹ ہوگا ۔اس سارے عمل کی نگرانی کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سینیٹر مشاہد اللہ، میر حاصل بزنجو، تاج حیدر، مشاہد حسین سید اور عثمان کاکڑشامل ہوں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا اصلاحات بل کے معاملے پر پارلیمانی رہنماوں کا الگ اجلاس بلایا جائے گا ۔وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کے اجلاس میںپیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیوایم پاکستان اورعوامی مسلم لیگ کے رہنما نے شرکت کی تاہم تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) کا کوئی نمائندہ شریک نہیں تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں بروقت الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کوبروقت انتخابات یقینی بنانے کے لئے کردارادا کرنا چاہیے۔

شیئر: