Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کو یادگار بنائیں گے

 
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں عالمی کرکٹ واپس لاناچاہتے ہیں اور پاکستان سپر لیگ کوہر لحاظ سے تاریخی بنائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی ،جس میں پی ایس ایل3 کے کراچی میںہونے والے میچز کے حوالے سے مختلف امور اورسیکیورٹی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں آئی جی ، سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی ، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز و دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس ٹورنامنٹ اور اس کے فائنل کو ہر لحاظ سے تاریخی بنائیں ۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں ذاتی دلچسپی کی وجہ سے بھی عالمی کرکٹ کو کراچی واپس لانا چاہتا ہوں تاکہ ہمارے عوام کو صحتمند تفریح کے مواقع میسر آسکیں۔ انہو ں نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ فل ڈریس کرکٹ میچز کی ریہرسل بین الاقوامی اعتماد پیدا کرے گی اور اگلے 30 روز کے اندر فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔ علاوہ ازیں نیشنل اسٹیڈیم کی مرمت میں سیکیورٹی تجاویز کے لیے ایس ایس پی سیکیورٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ نہ صرف لاہور اور کراچی بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی پی ایس ایل سمیت کرکٹ کے انٹر نیشنل میچز کا انعقاد کیا جائے تاکہ شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھیں۔ چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا کامیاب انعقاد ہو اور لاہور اور کراچی میں اس کا میچ اور فائنل ہوں ہمیں مقابلوں کے دائرے کو ملک کے دیگر حصوں تک پھیلانے کا موقع ملے گا۔ 

شیئر: