Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپا زبیدہ!

  گزشتہ شب جب ٹی وی چینلز کے ذریعے یہ اطلاع ملی کہ معروف شیف زبیدہ آپا (المعروف زبیدہ طارق ) انتقال کر گئیں تو دل بیٹھنے لگا۔ ایسا لگا جیسے کوئی اپنا اس دنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔ دل ا نکی باتوں کویاد کرنے لگا۔ انہوں نے ایک محفل میں کہا تھا کہ :مجھے معلوم ہے کہ میرے چاہنے والے مجھے فیس بک پر کس طرح سے ”یاد“ کرتے ہیں۔ یہ انکا بڑا پن ہی تھا کہ انہوں نے اپنوں اور غیروں سب پر اپنی محبت نچھاور کی۔ وہ کئی ٹی وی چینلز پر پکوان کےساتھ گھریلو ٹوٹکے ”مفت“ میں خواتین و مردوں کو دیتی تھیں۔ 
زبیدہ آپا کے انتقال کے حوالے سے خبر پر اب تک یقین نہیں آرہا کیونکہ انکی شخصیت ایسی تھی جس نے کئی خواتین اور بچیوں کے علاوہ مردوں میں بھی کھانا پکانے اور سیکھنے کا جذبہ بیدار کیا۔مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ایک دور وہ تھا جب انکے علاوہ کوئی خاتون حتیٰ کہ مرد شیف شاید ہی ہوتا تھا جو ٹی وی پروگرام کرتا ہو۔ وہ اُس دور میں واحد خاتون شیف تھیں جو بچوں کی کھانسی نزلہ سے لیکر گھریلو نسخے تک خواتین اور مردوں کو ٹی وی اور مختلف رسالوں کے ذریعے بتاتی تھیں۔ بہت سے مرد جو اپنے گھر میں کبھی چائے پکانے کے بھی روادار نہ تھے ،پردیس جاکر زبیدہ آپا کی بدولت بہت ساری چیزیں پکانے میں قابل ہوگئے۔ بہت سے انہی کی بدولت فائیو اسٹار ریستوران میں بطور شیف کام کررہے ہیں۔ آپا زبیدہ ہی تھیں جن کی بدولت نوجوان نسل خاص کر لڑکیوں میں نئی ڈشیں پکانے کا جذبہ بیدار ہوا۔ وہ انور مقصود کی بہن تھیں ۔جس طرح وہ ٹی وی پر نئی آنے والی لڑکیوں کو ٹریننگ دیتی تھیں اس سے لگتا تھا کہ واقعی کوئی اپنا یا بڑا آپ کو ٹریننگ دے رہا ہے۔ آپا زبیدہ کا خلا پُر ہونا مشکل ہے کیونکہ ان کی جیسی طبیعت اور خاصیت نئی آنے والی خواتین میں اتنی زیادہ نہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔آمین۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: