Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زیورات کا انوکھا انداز‎

زیورات صرف سونے چاندی سے ہی نہیں بلکہ پھولوں سے بھی تیار کیے جاتے ہیں اور شادی بیاہ خصوصا  مایوں مہندی کی تقریبات میں بہت شوق سے پہنے جاتے ہیں . بدلتے وقت کے ساتھ پھولوں سے بنے زیورات  میں بھی جدت آگئی ہے اور پھول زیور  منفرد انداز متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے جن میں پھولوں کی قدرتی دلکشی ، منفرد رنگ اور نفاست کا حسین امتزاج  شامل ہوتا ہے . 
اب  پھولوں سے صرف کنگن اور گجرے  ہی تیار نہیں ہوتے بلکہ  ماتھاپٹی ، جھمکے ،  گلوبند ، بالیاں ، مانگ ٹیکا  اور  تاج  بھی پھولوں سے تیار کیے جاتے ہیں .  پھولوں کے زیور کے دلکش ٹرینڈ ز میں نت نئے ڈیزائن متعارف ہورہے ہیں .  اصلی ،  قدرتی اور تازہ پھولوں کے علاوہ اب کاغذی پھولوں سے بھی زیورات بنائے جارہے ہیں . کاغذی پھولوں اور موتیوں سے زیورات اتنی مہارت سے تیار کئے جاتے ہیں کہ یہ  اصلی اور تروتازہ نظر آنے لگتے  ہیں . مایوں مہندی کی تقریبات میں کاغذی پھولوں کے ساتھ ساتھ گوٹا کناری سے سجے  پھول زیور بھی بہت مقبول ہو رہے ہیں جنہیں دلہن اور اس کی سہیلیاں اپنے ملبوسات کے رنگوں کے مطابق تیار کروا سکتی ہیں .
 ہر چیز کے استعمال کا ایک رنگ ڈھنگ ہوتا ہے لہٰذا پھول زیور  کا استعمال بھی درست انداز میں کیا جائے تو شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے . پھول زیور کم مقدار میں پہنیں .  زیور بنوانے کے لیے چھوٹے پھولوں کا انتخاب کریں . رنگوں کا درست امتزاج بھی بہت اہم ہے . اپنے لباس کی مناسبت سے ایسا زیور بنوائیں جو لباس کے ساتھ اچھا تاثر پیش کرے . 

شیئر: