Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹرز کی برف سے ٹکور کی جائے ، رمیز راجہ

لاہور:سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹررمیز راجہ نے پاکستانی کرکٹرز کے سروں پر برف کی ٹکور کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے میچز کے دوران ان کھلاڑیوں میں بولرز سے مقابلے اور وکٹ پر ٹھہرنے کا جوش و جذبہ نظر نہیں آیا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے بعد اس مشکل سیریزکی تیاری کیلئے کوئی ہوم ورک ہی نہیں کیا گیا،مختلف ماحول اور وکٹوں پر کھیلنا پڑا تو ہمارے وکٹیں لینے والے بولرزمار کھاتے رہے اور بیٹسمین گھبراہٹ اور جلد بازی کا شکار نظر آئے ۔ کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے بولرزوکٹیں لے سکے نہ رنزکا سیلاب روک پائے۔ موجودہ صورتحال میں نیوزی لینڈ آدھا میچ ذہنی طور پرجیت جاتا ہے۔ اس کے کھلاڑیوںنے اپنی قوت اور پلان کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ کرکے ہماراہر حربہ ناکام بنایا۔ان کے بولرز نے باونسرز، لائن و لینتھ اور رفتارمیں تبدیلی کیساتھ پاکستان کی متزلزل بیٹنگ کو مزید پریشان کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ رمیز راجہ کے مطابق مچل سینٹنر اور ٹوڈایسٹل کلب سطح کے اسپنرز ہیں لیکن پاکستان ہمارے بیٹسمین انہیں بھی اپنی وکٹیں تھماتے رہے۔ نہ تو ہم فاسٹ بولرز کو کھیل پارہے ہیں اور نہ اس کے اسپنرز کا سامنا کر سکے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوںکے سر اور دماغوں پر برف کی ٹکور کریں تو شاید انہیں حریف کھلاڑیوں کی حکمت عملی اور وہاں کے موسم اور ماحول کی سمجھ آجائے اور وہ اس کے مطابق کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دورے سے پہلے بلند بانگ دعوے کئے جاتے رہے لیکن ابتدائی 2میچوں میں ہی اصل صورتحال سامنے آگئی۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ٹیم ابھی تک چیمپیئنز ٹرافی کی فتح کے نشے سے باہر نہیں آئی اور جب تک ہمارے تجربہ کار کھلاڑیوں کو صورتحال کا اندازہ ہوگا سیریز اختتام کو پہنچ چکی ہوگی۔ رمیز راجہ نے سوال کیا کہ اگر شاداب خان ، حسن علی کیوی بولرز کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو اسپیشلسٹ بیٹسمین کیوں ہمت نہیں پکڑ رہے۔ اب ہمارے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں اور تیسرا میچ ہی فیصلہ کن ثابت ہوسکتا ہے اس لئے ہمیں سیریز میں واپسی کی فوری ضرورت ہے۔

شیئر: