Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا آفتاب عباسی میموریل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ

 
ایور گرین نے گلیڈی ایٹر کو 0-2سے ہرادیا،کشمیر لورز نے  تیسری پوزیشن حاصل کی، جیتنے والوں کیلئے انعامات 
سعودی عرب کے شہر جدہ کے نزدیک ثول میں پہلے آفتاب عباسی میموریل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ایور گرین کی ٹیم نے گلیڈی ایٹر کو0-2سے شکست دے کر فائنل اپنے نام کر لیا۔اس سے پہلے سیمی فائنل میں ایور گرین نے کشمیر لورز اور گلیڈی ایٹر نے زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کشمیر لورز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زلمی کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے ساتھ تعاون اور ٹورنامنٹ میں دیگر خدمات پر خصوصی ٹرافی عباسی برادران کو دی گئی۔ فائنل کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمانان خصوصی چوہدری اکرام اللہ اور کامران بیگ تھے۔ اعزازی مہمان خصوصی ملک شبیر اعوان تھے۔ وننگ ٹرافی راشد حسین اور منیب نے جبکہ رنر اپ فہیم کیانی اور علی زاہد نے مہمانان گرامی سے وصول کیں۔ مہمانان گرامی نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسپورٹس شرٹ کے علاوہ لکی ڈراز میں نکلنے والے دیگر انعامات بھی تقسیم کئے۔ کامران بیگ نے کہا کھیلوں کی سرگرمیاں منظم اور صحت مند معاشرے کی علامت ہوتی ہیں۔صحت مند سرگرمیاں دوستانہ تعلقات کو استوار کرتی ہیں۔معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرتی ہیں۔اکرام اللہ کوہلی نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے صحت مند معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔جن ملکوں میں میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال غیر آباد ہوتے ہیں کھیل امن اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب سے ملک شبیراعوان ، کلیم خان ،سردار اعجاز اور اطہر معین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آرگنانگ کمیٹی کے ممبران راشد حسین، فہیم کیانی، ساجد علی ،چوہدری ارشد عباسی، مظہر شاہ و دیگر نے اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکا تعاون بے مثال تھا جسکی وجہ سے خوب صورت ٹورنامنٹ ہو سکا۔ تقریب میں تماشائیوں کی بڑی تعداد میچ کے دوران ڈھول کی تھاپ پر مہمانوں کے ساتھ پلیئرز کو بھی محظوظ کرتی رہی۔تقریب کے اوائل میں مہمان گرامی نے سردار آفتاب عباسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ متوفی شریف النفس انسان تھے انکی محبت آج بھی ہمارے اندر رچی بسی ہے۔ہم انکی عظمت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں مہمانان گرامی نے خوبصورت ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انکی اس کاوش نے محنت کشوں اور مزدوروں کے سر فخر سے بلند کئے اور انکے حوصلے بلند کئے ہیں۔ان کا یہ اقدام قابل تقلید ہے۔

شیئر: