Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین آج میچ دیکھنے اسٹیڈیم جا سکیں گی

 
ریاض: سعودی خواتین حکومت کی اجازت ملنے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار 12 جنوری سے فٹبال میچ دیکھنے کےلئے ا سٹیڈیم جاسکیں گی۔ خواتین پر اسٹیڈیم کے بند دروازے کھل جائیں گے۔جدہ کے الجوہرہ اسٹیڈیم میں مقامی ٹیموں الاہلی اور الباطن کے مابین میچ میں پہلی مرتبہ خواتین اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھیں گی۔ سعودی حکومت کی اجازت کے تحت خواتین کو میچ دیکھنے کے دوران مکمل آزادی ہو گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں خواتین پر شرط عائد تھی کہ وہ تعلیم، سفر اور دیگر سرگرمیوں کےلئے محرم کے ساتھ جائیں اس کے علاوہ ان کے ا سٹیڈیم جانے پر مکمل پابندی عائد تھی مگر گزشتہ برس وسط میں سعودی ولی عہد نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے یہ پابندی ختم کردی تھی۔سعودی حکومت نے 2030 کے روشن خیال پروگرام کے تحت خواتین کو گاڑی چلانے، لڑکیوں کو تعلیمی اداروں میں موبائل استعمال کرنے اور سینما گھروں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وژن 2030 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جبکہ حکومت نے روشن خیالی کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے اصلاحتی پالیسیوں کا دنیا بھر میں خیر مقدم کیا جارہا ہے، موبائل فون بنانے والی دو بڑی کمپنیوں اور فلم پروڈیوسرز نے حکومت سے کاروبار کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومتی اعلان کے بعد رواں سال مارچ میں سعودی عرب میں سینما گھروں کوباقاعدہ کھول دیا جائے گا، جس کے پیش نظر دنیا بھرکے پروڈیوسرز نے فلموں کی نمائش کےلئے رابطے شروع کردیئے۔ بالی ووڈ کے پروڈیوسرنے بھی اپنی فلم کی نمائش کیلئے رابطے کیاہے، ان کی خواہش ہے کہ رجنی کانت اور اکشے کمار کی نئی فلم سعودی عرب کے سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے۔ 

شیئر: