Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردوں کے کوئی خفیہ ٹھکانے نہیں، شاہد خاقان

اسلام آباد.... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کے کوئی خفیہ ٹھکانے نہیں ہیں۔ جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کا بہت حد تک سدباب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست قومی سلامتی سے متعلق چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور داخلی و بیرونی مسائل سے نبرد آزما ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ”ردالفساد“ معاشرے کو انتہا پسندوں کے ”سلیپرز سیلز“ اور ہمدردوں سے صاف کرنے کے لئے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سلامتی کی فضاءبہت نازک ہے اور یہ ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مواقع کی ملی جلی صورتحال کی حامل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کورس گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات کے خلاف قومی ردعمل کی تشکیل میں معاون اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے شرکاءکے قومی سلامتی تصورات کی تشکیل اور تشکیل نو اور سویلین پالیسی سازوں کو قومی سلامتی سے متعلق امور کے بہتر ادراک پیدا کرنے میں این ڈی یو کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے کورس کے شرکاءمیں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔
 

شیئر: