Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناسا نے مریخ کی انتہائی پراسرار اشکال کی تصویر جاری کردی

کیپ کینورل، فلوریڈا ..... امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا نے جو ایک عرصے سے مریخ کے حقائق جاننے کیلئے مختلف تحقیقی کاموں میں مصروف ہے۔ اب کچھ تصاویر جاری کی ہیں جو مریخ پر موجود انتہائی عجیب و غریب اور پراسرار قسم کی جامد اشکال کی ہیں۔ ناسا کا کہناہے کہ یہ تصاویر اس کے جہاز روور نے بھیجی ہیں جو مریخ کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے رہا ہے او رخاص خاص مقامات کی عکاسی کے بعد انکی تصاویر زمین پر بھیج رہا ہے۔ یہ تمام تصاویر مدارسے اتاری گئی ہیں اور اسکے بعض حصوں میں انتہائی گہرے نیلے نشانات ہیں۔ سرخ سیارے پر ایسی جامد اشکال کی دریافت نے سائنسدانوں کو حیرت میں ڈالدیا ہے۔ روور کے ٹویٹر نے یہ تصاویر جاری کرتے ہوئے سائنسدانوں اور دیگر تمام لوگوں کو جو علم فلکیات میں دلچسپی رکھتے ہیں اپنی بھیجی جانے والی تصاویر کا بغور جائزہ لینے کو کہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تمام اشکال سرخ سیارے کی بالائی پرت پر بنی ہوئی ہیں۔ اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ ایک چوتھائی انچ کی دبازت والی یہ اشکال حقیقت میں کیا ہیں۔ سردست وہ یا تو کرسٹل ہیں یا کرسٹلز کے درمیان بننے والی دھات کے ٹکڑے سمجھے جارہے ہیں۔ یہ تمام تصاویر روور خلائی جہاز نے اختتام دسمبر میں اتاری ہیں اور انہیں سال نو کے موقع پر جاری کیا ہے کہ وہ مزید خاص خاص مقامات کی تصاویر اتار کر انکا جائزہ لینا چاہتا ہے۔ تصاویر اتارنے کیلئے انتہائی حساس قسم کے جدید ترین کیمرے استعمال ہوئے ہیں۔ ان تصاویر سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اشکال کے اطراف میں کچھ انتہائی گہرے رنگ والی جامد اشکال بھی موجود ہیں۔سائنسدانوں کا ابھی یہی کہنا ہے کہ جاری ہونے والی تصاویر سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ جو اشکال جامد شکل میں نظرآرہی ہیں وہ وقت کے ساتھ نرم سے سخت اور سخت سے سخت تر ہوکر چٹان کی شکل اختیار کرنے کے مرحلے میں ہیں یا اس مرحلے سے گزر چکے ہیں۔

شیئر: