Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19کرکٹ ورلڈ کپ ،16ٹیموں کی شرکت

 
ویلنگٹن: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے زیر انتظام12واں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ نیوزی لینڈ میں شروع ہوگیا ہے جس میں ویسٹ انڈیز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ پہلے دن 4میچزہوں گے اور میزبان نیوزی لینڈ کے علاوہ پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ ریکارڈتیسری مرتبہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ اس سے پہلے2002اور2010میں بھی نیوزی لینڈ یہ ٹورنامنٹ منعقد کرا چکا ہے ۔اس ٹورنامنٹ میں 16ٹیمیں شریک ہیں جنہیں4گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ڈی میںپاکستان انڈر 19 ٹیم افغانستان کا مقابلہ کرے گی۔ گروپ اے میں میزبان نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلا جائے گا۔گروپ بی میں پاپوا نیو گنی کا مقابلہ زمبابوے اور گروپ سی میں بنگلہ دیش کا مقابلہ نمیبیا سے ہو گا ۔ نیوزی لینڈ کے شہر وہانگری میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم افغانستان کے مد مقابل ہوگی اور ایشیا کپ میں افغانستان سے اپنی شکست کا بدلہ کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ہیڈ کوچ منصور رانا نے کہا کہ ٹیم کو ماضی قریب میں ہو نے والی ناکامیوں کے دباوسے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے ۔ کنڈیشنز بیٹنگ کےلئے سازگار ہے۔پاکستانی ٹیم کا گروپ نسبتاً آسان ہے جہاں اس کے ساتھ افغانستان کے علاوہ سری لنکا اور آئر لینڈ کی ٹیمیں ہیں۔ افغان بولر مجیب زدران ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ایشیا کپ کے دو میچوں میں پاکستان کی 11وکٹیں لی تھیں اور دونوں میچوں میں پاکستانی ٹیم کو100تک پہنچنے کا موقع بھی نہیں مل سکا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کےلئے افغان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور ممکنہ طور پر ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم ہی میدان میں اتاری جائے گی۔اگر پاکستان ٹیم دباو کا شکار نہ ہوئی تو اس کےلئے کامیابی کا حصول زیادہ مشکل نہیں۔

شیئر: