Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گردن اونچی کرنے کا شوق

ماسائی مارا ،کینیا....  کہتے ہیں کہ طاقت کا نشہ ہر الٹی سیدھی باتیں دماغ میں ڈالنے کیلئے کافی ہوتا ہے اور ایسا ہی کچھ مقامی ماسائی مارا پارک کی ایک مادہ چیتا نے اس وقت کر دکھایا ہے۔تفصیلات کے مطابق  مادہ چیتے نے جسکا نام مسیارا بتایا گیا ہے پارک کے اندر گھاس پر لیٹی آرام کررہی تھی کہ کہیں سے دو زرافے وہاں نکل آئے اور اپنی گردن جو قدرتی طور پر بہت لمبی ہوتی ہے تان کر کھڑے ہوگئے۔ مادہ چیتا نہ جانے کس دھن میں تھی کہ اس  سے زرافوں کی دراز قدی اور بالاگردنی برداشت نہ ہوئی او روہ بھی انکے درمیان بیٹھ کر اسی طرح اپنی گردن اونچی کرنے کی کوشش کرتی رہی جس طرح زرافے کی گردنیں اونچی تھیں مگر کہاں زرافے کی گردن اور زمین پر بیٹھے چیتے کی گردن۔ بہرحال یہ دلچسپ منظر وائلڈ لائف مشہور فوٹو گرافر پال گولڈ اسٹین نے فوری طور پر اپنے کیمرے میں محفوظ کرلیا اور وڈیو بھی تیار کرلی جو جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی۔ واضح ہو کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پارک کے زرافے گروپ بناکر ایک جگہ سے دوسری جگہ جارہے تھے کیونکہ بالعموم وہ پارک میں تنہا سفر نہیں کرتے کیونکہ انہیں اسی قسم کے چیتوں اور دیگر خطرناک جانوروں کا خوف بھی ہوتا ہے حالانکہ وقت پڑنے پر یہ زرافے اپنی دراز قدی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور اکثر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ حملہ کرنے والے جانوروں کو ہی بھاگتے بنی۔ یہ دلچسپ اور خوشگوار منظر ماسائی مارا پارک کے اولارے کنزوینسی حصے میں پیش آیا جہاں اکثر اس قسم کے حیرت انگیز مناظر دیکھنے میں آتے ہیں۔ زرافے کی فطرت یہ ہے کہ سورج طلوع ہوتے ہی وہ اپنی پناہ گاہوں سے گردن اونچی کرکے مزے لیتے ہیں اور پھر جہاں جانا ہوتا ہے وہاں کیلئے چل پڑتے ہیں۔ ایک زرافہ ایک جانب سے نکلتا ہے تو باقی زرافے دوسرے حصوں سے  نکل آتے ہیں اور  اس طرح انکا ایک قافلہ بن جاتا ہے اور یہی قافلہ انکی حفاظت کی ضمانت ہے۔ فوٹو گرافر گولڈ اسٹین سیاحوں کے ایک گروپ کے گائڈ کے طور  پر اس علاقے میں آئے تھے اور انہیں ہیکو کیمپوں کی جانب لیجارہے تھے جو انکی ملکیت بھی ہے۔

شیئر: