Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلباءسخت محنت کو اپنا شعار بنائیں، خان ہشام بن صدیق

عمارت کے حصول میں سفارتخانہ ہر طرح سے تعاون کریگا
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کی اپنی عمارت کے حصول میں سفارتخانہ منتظمین سے ہر طرح کا تعاون کریگا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول الجبیل کے 27ویں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کے طور پر کہی۔ اس موقع پر سعودی وزارت تعلیم دمام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم برائے تارکین وطن اوربین الاقوامی تعلیمی امور حسین بن عذان المقبول اور اسکول کے لنک افسر عمر منظور ملک کے علاوہ پرنسپل خاور حسین، اساتذہ اور والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سفیر پاکستان نے ادارے کے پرنسپل اور اساتذہ کو فیڈرل بورڈ کے امتحانات میں شاندار نتائج کے حصول پر مبارکباد دی اور کامیاب طلباءپر واضح کیا کہ زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے انہیں سخت محنت کو اپنا شعار بنانا چاہئے۔ انہوں نے طلباءاور انکے والدین کو بھی مبارکباد دی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے اسکول کیلئے 10ہزار ریال کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں پرنسپل نے تعلیمی سال 2016-17ءکے دوران ادارے کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے امتحانات میں طلباءو طالبات نے شاندار نتائج حاصل کئے تھے۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ کے تعاون پر انکا شکریہ بھی ادا کیا۔ خا ن ہشام بن صدیق نے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر حسین بن عذان المقبول کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئی۔ عمر منظور ملک نے اردو اور انگریزی تقریری مقابلوں اور محفل حسن قرات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب کے دوران جونیئر طلباءنے انگریزی او رعربی نظمیں اور قومی گیت پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ اس سے اگلے دن اسکول کے گرلز ونگ میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی۔ وائس پرنسپل فریحہ شبنم نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ مہمان خصوصی بیگم سعدیہ عمر کا استقبال کیا۔ کامیاب طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کرنے کے بعد مہمان خصوصی نے انہیں اور انکے والدین کو مبارکباد دی۔
 

شیئر: