Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو وائٹ واش کیلئے سفر جاری

 
ہملٹن:کولن ڈی گرینڈہوم کی جارحانہ بیٹنگ اور ہینری نکوا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت نے پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں مسلسل چوتھی شکست سے دوچارکر دیا اور5ون ڈے کی سیریز میں وائٹ واش کی جانب اپنا سفر جاری رکھا۔ گرینڈ ہوم نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی ۔انہوں نے نکولز کے ساتھ65 گیندوں پر 109 رنز کی شراکت کے ذریعے46ویں اوور اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا اور مین آف دی میچ بھی رہے۔گرینڈ ہوم نے 40 گیندوں پر 5چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،نکولزنے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔پاکستانی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ میزبان ٹیم نے سیریز میں0-4کی برتری بھی حاصل کرلی۔کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ۔ مسلسل ناکام اظہر علی کی جگہ حارث سہیل کو شامل کیا گیا،فہیم اشرف نے فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغازکیا۔ اوپننگ میں تبدیلی کے باوجودپاکستان کی بیٹنگ سست روی کا شکار رہی اور اسی دوران 7 پر فہیم اشرف آوٹ ہوگئے۔ کچھ ہی دیر بعد بابر اعظم بھی صرف 3 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ۔فخر زمان 54 رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ ان کے بعدحارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔حارث سہیل اورسرفراز نے با لترتیب 50اور51رنز بنائے ۔ حارث نے ایک چھکا اور 4چوکے جبکہ سرفراز نے3-3-چھکے اور چوکے لگائے ۔اس دوران شعیب ملک سر پر گیند لگنے کے باعث جلد آوٹ ہو چکے تھے تاہم آل راونڈر محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخرتک وکٹ پر موجود رہے ۔انہوں نے 4 چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 50اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔ٹم ساوتھی نے3اور کپتان کین ولیمسن نے2 وکٹیں لیں۔263 کے ہدف کےلئے نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کاآغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا، دونوں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ منرو نے نصف سنچری اسکور کی اور 56 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے 31 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن نے بھی 32رنز بنائے تاہم روس ٹیلر اور ٹام لیتھم صرف1اور8 پرآوٹ ہوئے تو 154 رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی اور ان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار نظر آ رہی تھی لیکن ہینری نکولز اور کولن گرینڈ ہوم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کسی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 109 رنزکی شراکت قائم کرکے ٹیم کو آسانی سے ہدف تک پہنچادیا اور نیوزی لینڈ کو سیریز میں مسلسل چوتھی فتح بھی دلادی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے3 ،رومان رئیس اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ لی۔ نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو 61 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم کو 183 رنز کے واضح فرق سے ہرایا ۔
 
 

شیئر: