Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

20گرینڈ سلام جیتنے والا ٹینس کا بے تاج بادشاہ ۔ بال بوائے راجر فیڈرر

چھٹی بار آسٹریلین اوپن جیت کر ٹرافی حاصل کی تو خوشی کے آنسو چھپا نہ سکا اور نہ ہی چھپانا چاہتا تھا
 راجر فیڈرر کو 4 مرتبہ سال کی بہترین عالمی اسپورٹس شخصیت قرار دیا گیاہے
ندیم ذکاءآغا۔ جدہ
راجر فیڈرر جو دنیائے ٹینس کے بے تاج بادشاہ مانے جاتے ہیں۔ٹینس کورٹ میں ان کی مہارت اور جاندار شاٹس کا بھی سبھی شائقین اعتراف کرتے ہیں ۔ 8اگست 1981ءکو سوئٹزرلینڈ کے شہر باسل کے متوسط گھر میں پیدا ہونے والے راجرفیڈرر کے بارے میں یہ بات شائد کسی کو پتہ ہو یا نہیں کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 12سال کی عمر میں ٹینس کورٹ کے بال بوائے سے کیا۔ آسٹریلین اوپن کے مینز فائنل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے راجر فیڈرر کو یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے کہ ایک عرصہ تک میں پبلک بسوں میں سفر کرتا رہا ہوں ۔آج جب 6ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن اپنے نام کر کے 20گرینڈ سلام حاصل کیا تو ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے جسے وہ چھپا نہ سکے اور نہ ہی چھپانا چاہتے تھے۔ اس موقع پر رنر اپ کروشین نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ازراہ تفنن کہا کہ آپ سے ہارنے کے باوجود میںنہیں رو رہا اور آپ جیت کر بھی رو رہے ہیں۔ راجر نے اپنے حریف کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا او ر بتایا کہ جیت کے موقع پر خوشی کے آنسوو ں کو ضبط کرنا میرے بس میں نہیں۔ ایونٹ کے سیمی فائنل میں ان کے حریف جنوبی کوریا کے ہیون چنگ زخمی ہوکر مقابلے سے دستبردار ہو گئے تھے جس کا فیڈرر کو افسوس ہوا کہ ہیون چنگ مقابلے کی خواہش کی تکمیل نہ کرسکے۔ مقابلے کے اختتام کے اعلان کے بعد فیڈرر نے ہیون کی حوصلہ افزائی کی اورکورٹ میں دوبارہ جلد واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔راجر فیڈرر نے 2017ءمیں اپنے روایتی حریف اسپین کے رافیل نڈال کو فائنل میں ہرا کر آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔ راجر فیڈرر کی گرینڈ سلام فتوحات میں 6مرتبہ آسٹریلین اوپن 2004، 2006، 2007 ،2010،2017 اور 2018ء اس کے بعد بڑا اعزاز ومبلڈن 8مرتبہ جیت چکے ہیں ۔ ومبلڈن میں ان کی کامیابیوں کے 2003،2004،2005،2006اور 2007لگاتار 5سال ہیں جبکہ 2009،2012اور 2017ءمیں بھی انہوں نے اپنی خوبصورت شاٹس اور تجربے سے فائنل ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ نیویارک میں کھیلے جانیوالے یو ایس اوپن میں بھی لگاتار 5سال فاتح کا اعزاز برقرار رکھا جب 2004سے 2008ءتک کسی دوسرے ٹینس کھلاڑی کو اس اعزاز کی جانب دیکھنے کی جرا¿ت نہ ہوئی۔ فیڈرر کے پسندیدہ اعزاز میں ایک اضافہ فرنچ اوپن کا بھی ہے، یہ اعزاز انہوں نے 2009ءمیں جیتا۔ 2012ءکے آغاز میں انہیں کمر کی تکلیف نے جکڑ لیا جس کے باعث ان کی رینکنگ نیچے آنا شروع ہوگئی۔ 2015ءکے شروع میں گھٹنے کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا اور آپریشن کے بعد کچھ عرصہ ٹینس کورٹ سے باہر آرام کا وقت گزارا۔2004 ءمیں انہوں نے رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔ اس پوزیشن کا تاج عرصہ دراز تک اپنے سر پر سجائے رکھا۔ موجودہ رینکنگ میں اسپین کے رافیل نڈال 9760پوائنٹس کے ساتھ ٹینس کے عالمی نمبر ون کھلاڑی ہیں جبکہ راجرفیڈرر 9605پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں،عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پرآنے والے میرن کلچ ہیں جن کے 4960پوائنٹس ہیں۔ راجر فیڈرر اب تک 115ملین ڈالر سے زائد رقم انعامات کی مد میں جیت چکے ہیں۔ راجر فیڈرر کو 4مرتبہ سال کی بہترین عالمی اسپورٹس شخصیت قرار دیا گیا ہے۔وہ 2004، 2006، 2007اور اب 2017میں اس اعزاز کے حقدار قرار پائے۔اس ایوارڈ کیلئے دنیا بھر سے کھلاڑیوں اور کھیل کے شعبے سے متعلق عہدیداروں سے رائے لی جاتی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ عظیم باکسر محمد علی اور جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ 3،3بار اس اعزاز کے حقدار قرار پائے ہیں جبکہ راجر فیڈرر کو چوتھی مرتبہ گزشتہ سال اس اعزاز سے نوازا گیا تو جذباتی انداز میں لوگوں کی اس محبت کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ سال شنگھائی ماسٹرز ٹینس کپ میں شرکت کیلئے وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پرائیویٹ گاڑی استعمال کرنے کی بجائے زیر زمین ٹرین پر سفر کرتے رہے۔ جس پر دیگر مسافروں کو اتنے بڑے اسٹار کو اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت ہوتی ایک بار تو دوران سفر ایک نوجوان نے ان سے پوچھ ہی لیا کہ کیا آپ اصلی راجر فیڈرر ہیں؟ جس پر مسکراتے ہوئے ہاں میں جواب دیا اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور چین میں ٹرین کے سفر کو اچھا تجربہ قراردیتے ہوئے کہ معمولات میں تبدیلی لانا چاہتا تھا اس لئے ٹرین میں سفر کو ترجیح دی۔ فیڈر ر نے میرکا سے سوئٹزرلینڈ کے اپنے آبائی شہرباسل میں شادی کرلی۔ میرکا فیڈرر بھی سوئس ٹینس اسٹار رہی ہیںاور 4بار گرینڈ سلام ٹائٹل جیت چکی ہیں ، انہیںراجر نے اپنی پبلک ریلیشز منیجر بنا لیابعد ازاں شادی کرلی۔ اپریل 2009میں ان کے ہاں 2جڑواں بچیوں مائلا روز اورچیریلن ریوا کی پیدائش ہوئی۔ اس کے بعد ان کے ہاں 2بیٹوں کی پیدائش ہوئی ۔ فیڈرر انتہائی شفیق باپ اور پیار کرنے والے شوہر ثابت ہوئے ہیں۔ یہ کہنا ہے ان کے 4بچوں کی ماں کا۔ بیٹوں کی پیدائش کے بعد راجر فیڈرر نے اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں منانے کیلئے ورلڈ ٹور کیا جو انتہائی پرلطف رہا۔ ایک انٹرویو میں ٹینس کے بے تاج بادشاہ کا کہنا تھا کہ میری بیوی انتہائی محنتی ہے اور بہت سا گھر کا کام خود اپنے ہاتھوں سے کرتی ہے جس میں میں بھی ا س کی مدد کرتا ہوں اور مجھے ایسا کرنے سے خوشی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میرکا کہے گی کہ اب ٹینس بہت ہو گیا تو ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور کروں گا۔36سالہ راجر فیڈرر نے آسٹریلین اوپن جیتنے سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ آئندہ ڈیوس کپ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی اولمپکس میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اولمپکس کے عالمی مقابلے میں دو بار ملک کا پرچم بردار رہا ہوں جو بڑا اعزاز ہے، سونے اور چاندی کے تمغے بھی جیتے ہےں جس پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ فیڈرر کے اس بیان کو ریٹائرمنٹ کا اشارہ قرار دیا جا رہاہے۔
 

شیئر: