Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے القویزہ محلے کی عمارت میں آتشزدگی ، 8 افراد زخمی

 آگ پہلی منزل کے فلیٹ میں لگی تھی ،ترجمان شہری دفاع 
جدہ ( ارسلان ہاشمی) قویزہ کے علاقے میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے ۔ آتشزدگی 5 منزلہ عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ سے شروع ہوئی جس سے نکلنے والے کثیف دھوئیں نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ شہری دفا ع کے ریجنل ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کو بتایا کہ محکمہ کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی کہ شہر کے مشرقی علاقے القویزہ کی ایک پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی ۔ اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے مخصوص یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہو ںنے فوری طور پر عمارت میں پھنس جانے والے افراد کو نکالاجبکہ دوسرے یونٹ نے آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ آتشزدگی کا آغاز عمارت کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ سے ہوا ۔ باورچی خانے سے آگ شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے باورچی خانے سے ملحق کمرے تک پہنچ گئی ۔ آتشزدگی اس قدر خطرنا ک تھی کہ اس سے اٹھنے والا دھواں کافی دور سے دکھائی دے رہا تھا ۔ دھوئیں نے پوری عمارت کواپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے عمارت میں رہنے والوں کو شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑا ۔ کرنل سرحان نے مزید بتایا کہ عمارت میں دھواں بھر نے سے 8 افراد جن میں بچے بھی شامل تھے کو فوری طبی امداد مہیاکی گئی ۔ کثیف دھوئیں کی وجہ سے 4 افراد کی حالت انتہائی خراب تھی جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اس حوالے سے شہری دفاع کے اہلکار تفتیش کر رہے ہیں ۔ 

شیئر: