Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں گردو غبار کاطوفان ، تعلیمی ادارے مکمل بند رہے ، آج بھی گردوغبار متوقع

 حد نگاہ 8 سو میٹر رہی جس کے سبب جہازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی ، ترجمان سول ایوی ایشن ، سانس کے مریض بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں ، طبی ماسک کا استعمال ضرورکریں ، ادارہ امور صحت کا انتباہ 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ موسمیات کے متوقع اعلان کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں منگل کو موسم شدید گرد آلود رہا ۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جدہ کے تمام اسکولوں میں تعطیل کرو ا دی گئی تھی تاکہ طلباءکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ جدہ میں پروازیں متاثر نہیں ہوئیں ۔ مارکیٹوں میں لوگوں کی آمد ورفت نہ ہونے کے برابر رہی ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ میں صبح 10 بجے کے بعد موسم میں تبدیلی ہونا شروع ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گرد وغبار کے بادل شہر کے شمالی علاقے سے شروع ہوئے اور شہر پر چھاگئے ۔ شہر کے مرکزی علاقے میں گرد وغبار کی وجہ سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ بلد اور باب الشریف کی روایتی مارکیٹوں میں بیشتردکانیں دن بھر گرد وغبار کی وجہ سے بند رہیں جہاں کاروبار شدید متاثر ہوا ۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان ترکی الذیب نے اردو نیوز کو جاری بیان میں کہا کہ موسم کی شدید خرابی کے باوجود پروازیں متاثر نہیں ہوئیں ۔ تمام پروازیں وقت مقررہ پر روانہ ہوئیں ۔ الذیب نے مزید کہا کہ منگل کوجب گردو غبار کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا تو اس وقت حد نگاہ 800 میٹر تھی جبکہ سول ایوی ایشن کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لئے حد نگاہ 350 سے 500میٹر ہونا ضروری ہو تا ہے جو مختلف جہازوں کے اعتبار سے مقررکی گئی ہے ۔ الذیب نے مزید کہا کہ ائیر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے محکمہ موسمیات کے ساتھ باہمی رابطہ جاری ہے جن کی جاری کردہ رپورٹوں کی روشنی میں پروازوں کے شیڈول مرتب کئے جاتے ہیں ۔ دریں اثناءمحکمہ امور صحت کی جانب سے جدہ ریجن کے تمام اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کے تحت طبی عملے کو مستقل موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ہنگامی حالت میں فوری اقدامات کئے جاسکیں ۔ وزارت صحت نے جدہ اور نواح میں رہنے والوں کو خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غبار آلود موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ سانس کے مرض میں مبتلا افراد طبی ماسک ضرور استعمال کریں ۔ ایک ہی ماسک مسلسل نہ لگائیں رکھیںماسک گرد آلود ہونے کی صورت میں اسے تبدیل کر لیں تاکہ صحت متاثر نہ ہو ۔ ایسے مریض جنہیں سانس کی تکلیف ہے انتہائی مجبوری کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں اگر باہر جانا ضروری ہو تو طبی ماسک کا استعمال لازمی کریں ۔ 

شیئر: