Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کا فیصلہ درست ہے، ملک اب صحیح راہ پر گامزن ہوگا

اداروں کو تصادم کی راہ پر ڈال دیا گیا ہے، نواز شریف کو کون نکال سکتا ہے جبکہ پارٹی ان کے نام پر ہی قائم ہے، ریاض میں مقیم پاکبانوں کے تاثرات 
ریاض (جاوید اقبال ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے نا اہل قرار دینے پر ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔جامعہ الملک سعود میں ریاضی کے استاد اور سابق صدر مجلس پاکستان ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اس فیصلے کو صحیح سمت میں ایک اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے اشخاص کی بجائے اداروں کا احترام بحال ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اگر ایسے ہی فیصلے ہوتے رہے تو بہت جلد ملک کا نظام راہ راست پر آجائے گا۔ انڈس فورم ریاض کے صدر ذیشان قاضی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے نا اہل شخص کے غلط اقدام کے خلاف فیصلہ کرکے اہل اشخاص کا احترام بحال کیا گیا ہے۔ حلقہ فکر و فن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اب سیاسی جماعتوں میں رہنمائوں کا تقرر صحیح خطوط پر ہوگا۔ پاکستان تھنکرز فورم ریاض کے صدر محمد خالد رانا نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ 2 ادارے آمنے سامنے آگئے ہیں۔ تاہم یہ فیصلہ قانون کے مطابق ہے۔ پارلیمان میں وزیراعظم کے خطاب نے اداروں کو تصادم پر مائل کیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) ریاض کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے۔ اسے کوئی حق نہیں کہ جماعت کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔ صدر کا انتخاب ہر جماعت کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ انویسٹرز فورم کے سابق صدر محمد اصغر قریشی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ نااہل شخص کیسے کسی سیاسی جماعت کا صدر ہوسکتا ہے؟ مسلم لیگ (ن )آزاد کشمیر ریاض کے صدر حاجی احسان دانش نے کہا کہ پارلیمان نے نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کیلئے ترمیم کی تھی اور وہ فیصلہ نا قابل تنسیخ ہے۔ تحریک انصاف سینٹرل ریجن سعودی عرب کے صدر عبدالقیوم خان نے سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے فیصلے پاکستان کی ترقی کے ضامن ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) ریاض کے سینیئر رہنما رانا خالد اکرم نے کہا کہ نواز شریف کو کیسے نکالا جاسکتا ہے ۔ پارٹی ان کے نام پر ہی معرض وجود میں آئی تھی۔ پی پی پی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل وسیم ساجد نے سپریم کورٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ملک کو صحیح راہ گامزن کریگا۔

شیئر: