Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ ملکی سیریز آسٹریلیا نے جیت لی، پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی پوزیشن محفوظ

آکلینڈ:آسٹریلیا نے سہ ملکی ٹی ٹو ئنٹی سیریز کے فائنل میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت19رنز سے فتح سمیٹ لی تاہم وہ رینکنگ میں پوائنٹ.19کے فرق سے پاکستان سے پیچھے رہ گئی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہے ۔ آسٹریلیا نے اس ٹورنامنٹ کا آغاز رینکنگ میں ساتویں پوزیشن سے کیا تھا اور مسلسل کامیابیوں کے ساتھ اس مقام پر ہے جہاں وہ کسی بھی وقت پہلی پوزیشن لے سکتی ہے۔ ہوم گراونڈ پر کھیلنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ میچ کی طرح آسٹریلیا کو کوئی بڑا ہدف نہیں دے سکی ۔ مقررہ20اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر150 بنائے۔کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے 48رنز کا آغاز فراہم کیا ، 21 رنز پر گپٹل کے آوٹ ہونے کے بعد اس کی وکٹیں مختصر وقفوں سے گرتی رہیں۔110 پر 8کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔ یوں لگ رہا تھا کہ مکمل اوورز کھیلنے کا موقع نہیں مل سکے گا تاہم اس مرحلے پر سابق کپتان روس ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے38رنز کی شراکت قائم ہوئی اور اسکور 150رنز تک پہنچ گیا۔روس ٹیلر43رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، کولن منرو نے29رنز اسکور کئے۔ایشٹن اگر نے3، کین رچرڈسن اور ایڈریو ٹائے نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 14.4اوورز میں121رنز اسکور کئے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھ کے تحت آسٹریلیا کو 19رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔اوپنر ڈی آرکی شارٹ نے نصف سنچری اسکور کی، کپتان ڈیوڈ وارنر 25،گلین میکسویل اور ایرون فنچ20اور18رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ایش سوڈھی، مچل سینٹنر اور کولن منرو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔3وکٹیں لینے والے ایشٹن اگر کو میچ اور گلین میکسویل کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ آسٹریلیا نے مسلسل 6کامیابیاں سمیٹتے ہوئے خود اپنا ریکارڈ برابر کیا جبکہ رینکنگ میں بھی 5درجے ترقی کرلی۔

شیئر: