Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرانی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، حیران کرنا چاہتے ہیں، سرفراز احمد

دبئی:پاکستانی قومی ٹیم کے کپتان اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اس مرتبہ پرانی غلطیاں نہیں دہرائیں گے ۔ اپنے ہوم گراونڈ پر پی ایس ایل چیمپیئن بننے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دبئی میں سرفراز نے کہا کہ توقعات بہت زیادہ ہیں۔ ان پر پورا اترنا ہی ہمارے اصل چیلنج ہے۔ گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں فائنل تک پہنچے۔ اس مرتبہ ایک قدم اور آگے بڑھنا چاہیں گے تاہم فی الحال یہ سب بعد کی باتیں ہیں ۔ابھی لیگ راونڈ میں کامیابی پر توجہ ہے ۔ لیگ کےلئے تیاری کے حوالے سے سوال پرانہوں نے کہا کہ ہماری تیاری تو پوری ہے۔تمام کھلاڑی بھی فٹ ہیں اس لئے کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ لیگ میں اپنا پہلا میچ جیت کر کامیابی سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ۔گزشتہ دونوں سیزنز میں ہماری ٹیم کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔ ہم فائنل تک پہنچے ۔ اس مرتبہ پھر سب کو حیران کرنا چاہتے ہیں۔کراچی میں فائنل سے متعلق سوال پر کپتان نے کہا کہ یہ ہمارے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ کراچی کے عوام عرصے بعد کسی انٹرنیشنل میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔میرے لئے تو یہ ہوم گراونڈ فائنل ہوگا ۔ اس حوالے سے سب کی توقعات پوری کرکے ملک بھر اور خاص طور پر کراچی کے عوام اور شائقین کو خوش کرنا میرا ہدف ہے۔

شیئر: