Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی ٹیم کا نیا کوچ غیر ملکی ہوگا،شہباز احمد سینیئر

لاہور: سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز احمد سینیئر کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کا نیا چیف کوچ غیر ملکی ہوگا اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا گیا جس کا اعلان جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی ٹیم اورکوچز کی مسلسل ناکامی کے بعد پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کےلئے مستقل بنیادوں پر غیر ملکی کوچ رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان ٹیم کے لئے خاصا اہم ہے، 5 بڑے عالمی ایونٹس میں قومی ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 3 ممتاز انٹرنیشنل کوچز سے بات چیت جاری ہے اور معاملات جلدطے پا جائیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز کے لیے ماہر کوچز کی نگرانی میں کیمپ یکم مارچ سے کراچی میں لگے گا جس۔قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈکوچ حسن سردار کو ٹیم منیجر کی ذمہ داریاںدےنے کا امکان ہے۔ جرمنی کے کرسٹین بلنک، آسٹریلیا کے جمی ڈائر اور ہالینڈ کے رولنٹ اولٹ مینز کے ساتھ فیڈریشن حکام کی بات چیت حتمی مرحلے میں ہے، رولنٹ اولٹ مینز پہلے بھی پاکستانی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں اور انھوں نے حال ہی میں عمان میں 3 ملکی ٹورنامنٹ میں پی ایچ ایف حکام سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ کچھ وقت پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھی گزارا۔ کرسٹین بلنک کا شمار بھی دنیا کے ممتاز ہاکی کوچز میں ہوتا ہے جبکہ جمی ڈائر بھی اس میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ رواں برس پاکستان ہاکی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز، چیمپئنز ٹرافی، ایشین ٹرافی، ایشین گیمز اور ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے ۔ 

شیئر: