Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری دیوی کی مو ت پر وزیر اعظم،صدر اور دیگر شخصیات کی تعزیت

نئی دہلی۔۔۔۔بالی وڈ کی مشہوراداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے دبئی میں چل بسیں۔
ان کی عمر54برس تھی۔ان کی موت کی خبر سن کر وزیر اعظم ، صدر اور بالی وڈ کی ممتاز شخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔پورے ملک میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹر کے اکائونٹ پر تحریر کیا کہ سری دیوی کی اچانک موت پردکھ اور افسوس ہوا۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے کئی یادگار کردار ادا کئے ۔ وزیر اعظم نے سری دیوی کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں شریک ہیں۔صدر رام ناتھ کووند نے بھی سری دیوی کی موت پر ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ فلم اسٹار سری دیوی کی موت نے مجھے حیرت میں ڈال دیاجس کا افسو س ہے۔وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں کو توڑ کر چلی گئیں۔
کئی فلمیں جیسے موہم پیرائی، لمحے اور انگلش ونگلش بالی وڈ کے اداکاروں کیلئے مثالی ثابت ہونگی۔ان کے ساتھ آخری ملاقات کے کئی خوشنمالمحے یاد ہیں۔وہ کافی عرصے تک چاہنے والوں کو یاد رہیں گی۔وزیر اطلاعات و نشریات اسمرتی ایرانی نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر کہاکہ میں ایک دوست اور فلم انڈسٹری نے ایک لِجینڈ کو کھودیا۔میں ان کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہوں۔
اداکارہ ہیما مالنی نے کہا کہ سری دیوی کی موت کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا۔یہ فلم انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان ہے۔اداکار دھرمیندر نے کہا کہ سری دیوی کی موت پر ان کے بارے میں کچھ کہنے کی ہمت نہیں ۔فلم انگلش ونگلش میں سری دیوی کے شوہر کا کردار ادا کرنیوالے اداکار عادل حسین نے کہا کہ مجھے ان کی موت پر یقین ہی نہیں آرہا۔ ان کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔بالی وڈ اداکار کمل ہاسن نے بھی ٹویٹر پرتحریر کیا کہ سری دیوی کوبچپن سے عمر کے پانچویں عشرے تک مثالی خاتون کی شکل میں دیکھا۔
ان کی موت سے بالی وڈ سمیت پورے ملک میں ان کے چاہنے والے غمگین ہوگئے۔ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔واضح ہو کہ دبئی میں اچانک قلبی دورہ پڑنے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران وہ چل بسیں۔دبئی میں سری دیوی کے ساتھ ان کے شوہر بونی کپور اور چھوٹی بیٹی خوشی تھی جبکہ بڑی بیٹی جہانوی کپورفلم کی شوٹنگ کی غرض سے ممبئی میں تھیں۔
مزید پڑھیں:- - - - -پریہ پرکاش نے فیس بک کے بانی کو پیچھے چھوڑدیا

شیئر: