Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان سلطانز کی فتوحات تھم گئیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی

دبئی:پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی فتوحات کو روک دیا اور ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے صرف 8 رنز بنائے اور سنگاکارا 6 اور براوو بھی صرف 6 رنز کا اضافہ کرسکے جبکہ صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 19 کے مجموعی اسکور پر پویلین سدھار گئے۔احمد شہزاد نے کپتان شعیب ملک کے ساتھ اسکور کو 31 رنز تک پہنچایا اور اسٹیون فن کا نشانہ بن گئے جس کے بعد شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالا اور اسکور کو آگے بڑھایا لیکن ایک بڑے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔کیرون پولارڈ 28 رنز بنا کر ہم وطن آندرے رسل کی گیند پر آوٹ ہوئے۔شعیب ملک نے 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 113 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے3 وکٹیں لیں، محمد سمیع اور آندرے رسل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسان ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو صفر پر ہی پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا جب لیوک رونچی آوٹ ہوئے جس کے بعد صاحبزادہ فرحان بھی 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر حسین طلعت اور فہیم اشرف نے پانچویں وکٹ میں ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ حسین طلعت نے 48 رنز بنائے اور مین آف دی میچ رہے ، فہیم اشرف 12 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے بہترین بولنگ کی اور 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، محمد عرفان اور جنید خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی یہ پہلی فتح ہے جبکہ ملتان سلطانز نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔

شیئر: