Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن)ریاض میں سالانہ کھیل

 
 ذکاءا للہ محسن۔ریاض
گزشتہ دنوں ریاض کے پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن ) میں سالانہ اسپورٹس ڈے پر انٹر ہاوسز مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ مہمان خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان سردار محمد خٹک تھے۔ دیگر مہمانوں میں پرنسپل محمدتنویر اور کو آرڈینیٹر فیصل عزیز تھے۔  میزبانی نعیم اختر اور غلام مجتبیٰ نے کی ۔ فزیکل ایجوکیشن کے انسٹرکٹر ز محمد آصف اور محمد کاشف نگران تھے۔ پانچویں تا بارہویں جماعت کے طلباء نے6 ہاوسز ملک عبدالعزیز ، جناح، اقبال ، سرسید ، جوہر اور ٹیپو ہاوس کے ناموں سے حصہ لیا۔طلباءنے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے ہفتہ بھرسے جاری تھے۔ فیصل عزیز نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا ۔ طلباءنے مہمانوں کو سلامی پیش کی ، اس کے بعد مختلف اندازمیں ورزش اور اشکال کی تشکیل تھی ۔ اس کاوش کے پیچھے فزیکل انسٹرکٹر محمد کاشف اور مدرس الیاس (جو کہ اس پی ٹی شو کے کوکمانڈبھی کر رہے تھے) کی محنت اور ٹیم ورک شامل تھا۔ فزیکل انسٹرکٹر محمد آصف و محمد کاشف کی سربراہی میں تائیکوانڈو شو شاندار رہا جس کی قیادت جماعت سوم کے محمد مجتبیٰ نے کی۔ پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت کو جونیئر ونگ کے طلباء طالبات نے شاندار انداز میں پیش کیا۔ جناح ہاوس کو چیمپیئن ہاوس آف ا سپورٹس قرار دیا گیا۔ پرنسپل نے  مہمان خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی علم دوستی اور اسکول سے محبت کو سراہا۔  طلبا کو مثالی ڈسپلن اور کارکردگی پر سراہا اور کہا کہ کھیل طلبہ میں قوت برداشت پیدا کرتے ہیں۔ انھوں نے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔ ہونہار طالبہ عالیہ حمید کا خصوصی طور پر ذکر کیاجس نے گزشتہ سال کیمبرج کے امتحان میں عالمی سطح پر اسلامیات کے مضمون میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ مہمان خصوصی سردار محمد خٹک نے ا سپورٹس ڈے پر اساتذہ ، پرنسپل اورانتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کو شاباش دی ۔ طلبا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نصاب کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں ذہنی و جسمانی نشوونما کےلئے نہایت ضروری ہے کیونکہ عربی مقولہ ہے العقل السلیم فی الجسم السلیم۔ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی اولین ترجیحات میں سے تعلیم کا شعبہ خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔ اسکول کی ذاتی عمارت کےلئے سفارتخانہ کوشش کررہا ہے ۔ طلباءکی شاندار کار کردگی پر حوصلہ افزائی کےلئے والدین کی کثیر تعداد بھی مدعو تھی۔ والدین نے پرنسپل، اساتذہ اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔آخر میں مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ قومی ترانے کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ تمام شرکاءکیلئے ریفریشمنٹ کا اہتمام تھا۔

شیئر: