Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: مخیر افراد نے دیت ادا کرکے پاکستانی کو رہائی دلوادی

دبئی.... متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نامعلوم مخیر حضرات نے دیت کی مد میں ایک لاکھ درہم ادا کرکے پاکستانی شخص کو جیل سے رہائی دلا دی۔ 7 ماہ قبل متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ میں حاجی نامی شخص کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کرکے کسی سے ملاقات کرنے گیا تو اس دوران ایک شخص ٹرک کے نیچے لیٹ کر سوگیا۔اس بارے میں ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ ٹرک کے نیچے کوئی سورہا ہے اور اس نے واپس آکر ٹرک چلا دیا جس کے باعث ٹرک کے نیچے لیٹا شخص ٹائروں تلے کچل کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔40 سالہ پاکستانی شخص کو قتل غیرعمد پر قصاص اور واقعہ پر جرمانہ ادا کرنے تک قید رکھنے کا حکم سنایا گیا۔ پاکستانی شخص جرمانہ اور دیت کی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا تھا تاہم جب اس حوالے سے اخبار میں خبر شائع ہوئی توکچھ مخیر حضرات  نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک لاکھ درہم دیت اور 4 ہزار جرمانے کی رقم ادا کرکے ملزم کو قید سے رہائی دلا دی۔
 

شیئر: