Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپر لیگ ، سپر اوور: لاہور قلندرز کی سنسنی خیز فتح

دبئی: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں ہرا دیا،سپر اوور نے کراچی کنگز کی جیت کو ہار میں بدل دیا۔ ایونٹ کے 24ویں میچ میںلاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں5وکٹوں پر 163رنز بنائے۔اوپنر سیمنس نے 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری بناتے ہوئے 55رنز کی اننگز کھیلی ، بابر اعظم6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔انگرام نے 12اور روی بوپارہ نے 13رنز بنائے ، شاہد آفریدی ایک چھکا لگا کردوسری گیند پر آوٹ ہوگئے۔سہیل خان نے 3وکٹیں حاصل کیں۔164رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے فخرزمان اور ڈیو سچ نے اننگز کا آغاز کیا۔ڈیو سچ 26 کے مجموعی اسکور پر 24 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ آغا سلمان اور اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور 63 رنز کی شراکت کی۔فخر زمان نے 28رنز بنائے جبکہ آغا سلمان نے محتاط اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 50رنز بنا کرمین آف دی میچ رہے۔کپتان میکلم اور سہیل ا خترنے 15، 15رنز بنائے ۔ فیلڈنگ میں کراچی کنگز کی عمدہ کارکردگی نے قلندرز کے لئے مشکلات کھڑی کر دیں۔کپتان عماد وسیم نہایت عمدہ کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہو گئے انہیں اسٹریچر پر باہر جانا پڑا۔میچ کی سنسنی خیزی اس وقت شروع ہوئی جب آخری اوور میں لاہورقلندرز کو 16 رنز درکار تھے۔ عثمان شنواری کی آخری گیند پر 3رنز درکار تھے، کراچی کنگز جیت کر باہر آرہی تھی اور تمام تماشائی بھی جیت کا لطف اٹھا رہے تھے کہ تھرڈ امپائر نے نو بال قرار دے کر میچ کی سنسنی خیزی میں اضافہ کردیا، اب آخری گیند پر اسکور برابر ہونے پرایونٹ کا دوسرا میچ سپر اوور پر چلا گیا۔پہلا میچ بھی لاہور قلندرز کا سپراوور میں گیا تھا جب بالمقابل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم تھی۔ قلندرز نے سپر اوور میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 12 رنز کا ہدف دیا تاہم کراچی کنگز سپر اوور میں صرف 8 رنز ہی بنا سکے اور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی۔ لاہور قلندرز کی ایونٹ میں یہ دوسری فتح ہے۔

شیئر: