Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن میں ورکشاپ کا انعقاد

 نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ وفدنے طلبہ کو مستقبل کے حوالے سے لیکچر اور طلبہ کے سوالات کے جوابات دیئے
  ذکاء اللہ محسن ۔ریاض
نوجوان طلبہ و طالبات کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو مستقبل کی باگ ڈور سنبھالنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول( انگلش سیکشن) ریاض ہمیشہ سے اپنے طلبہ و طالبات کے درخشندہ مستقبل کا خواہاں ہے۔ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن)کے طلبہ و طالبات کے لیے مختلف طرز کی تعلیمی ورکشاپ کا انعقاد کرواتا ہے جس میں شہرہ آفاق تعلیمی اداروں کے وفود نوخیز نسل کو مستقبل میں تعلیم کے حوالے سے نئی جہتوں اور چیلنجز کا مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں۔
طلبہ و طالبات کو مستقبل میں تعلیم کے حوالے سے بہتر رہنمائی کے لیے وطن عزیز پاکستان کا مشہور تعلیمی ادارہ نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(NUST ) کے اعلیٰ وفد نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن) ریاض کا دورہ کیا جس میں انگلش سیکشن ریاض کے’’ اے لیول کے طلبہ  وطالبات‘‘ کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ NUST کی جنرل منیجر ماریہ قادری نے الیکٹرانک میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے پروجیکٹر پر انتہائی مفصل طریقے سے NUSTکاتعارف کروایا۔ انہوں نے کہاکہ 1991میں شروع کیا جانے والا یہ تعلیمی ادارہ ترقی کی منازل طے کرتا ہوا عالمی سطح پر دنیا کی بہترین500جامعات میں شامل ہو چکا ہے۔
پرو ریکٹر NUST ایئر چیف مارشل(ریٹائرڈ) ڈاکٹر آصف رضا نے NUST میں موجودکورسز انجینیئرنگ، بینکنگ، اکاؤنٹ، ذرائع ابلاغ، معاشیات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور مستقبل کے حوالے سے اْن کی اہمیت کو اْجاگر کیا۔انھوں نے کہا کہ ’’ اے لیول ‘‘ میں آپ کی تعلیمی کارکردگی کا 60  فیصد جبکہ انٹری ٹیسٹ اور سیٹ میں 75  فیصدنمبر لینے پر NUST کے دروازے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔   
پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن) محمد تنویر نے NUST سے آنے والے وفد ڈاکٹر آصف رضا، جنرل منیجر ماریہ قادری، اسسٹنٹ منیجر وقار ملک اور کرنل عمر کا شکریہ ادا کیا جن کی آمد سے طلبہ و طالبات کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور مستقبل میں پاکستان میں داخلے کے حوالے سے NUST کے کردار کو سراہا۔پرنسپل محمد تنویرنے کہا میں اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبد اشکور شیخ اور عمر منظور ملک اتاشی سفارتخانہ پاکستان کا تہ دل سے ممنون ہوں جن کی وساطت سے یہ بہترین اور عمدہ پروگرام ترتیب پایا۔ پروگرام کے آخر میں پرنسپل نے اسکول کی جانب سے مہمان خصوصی ڈاکٹر آصف رضا پرو ریکٹرNUSTکو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ 
پروگرام کی نظامت کے فرائض ہیڈ آف شعبہ امتحانات اور اسٹوڈنٹ قونصلر محمد نعیم اختر نے بخوبی انجام دیئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: