Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین سینیٹ کامیابی سے وفاق مضبوط ہو گا، فرخ رشید

عمران نے سیاسی تدبر کا ثبوت دیتے ہوئے محروم صوبے کو اسکا حق دلوایا، سینئر رہنما پی ٹی آئی
جدہ ( ارسلان ہاشمی)پی ٹی آئی سعودی عرب کے سینیئر رہنما فرخ رشید نے صادق سنجرانی کے  بطور چیئرمین سینٹ کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ فتح کسی سیاسی پارٹی کی نہیں بلکہ وفاق کی فتح ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب ملک دشمن قوتیں بلوچستان کو الگ کرنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہیں۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی شکست چھپانے کے لئے واویلا کر رہی ہے کہ عمران خان  نے زرداری سے ہاتھ ملا لیا ۔ درحقیقت عمران خان نے سیاسی تدبر کا ثبوت دیتے ہوئے سینیٹ کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی سے چھین کر محروم صوبے کے حوالے کی۔ بصورت دیگر چیئرمین شپ پیپلز پارٹی یا (ن) لیگ  میں کسی ایک کو جاتی۔ (ن) لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے رویئے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما نے بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل کے نتیجے میں سیاسی مخالفین کی کامیابی کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کے بجائے اس کو پاک فوج کی طرف اشارہ کر کے سازش قرار دینا نہایت افسوس ناک ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ تک شریف خاندان کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے کیسوں میں انتہائی اہم فیصلے آنے والے ہیں ۔فرخ رشید نے مزید کہا کہ اس فتح سے پی ٹی آئی کا مورال بلند ہوا ہے جس کے 2018 کے الیکشن  پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی ملتا ہے تو پوری دنیا میں پی ٹی آئی آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی ۔

شیئر: