سہ ملکی سیریز:ہند نے سری لنکا کو شکست د یدی

کولمبو:سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریزکے چوتھے میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔ ندہاس ٹرافی کے نام سے ہونے والی سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے ہند کو شکست دی تھی تاہم ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے بعد سری لنکا کو بھی ناکامی سے دوچار کرکے اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔ شردل ٹھاکر کی عمدہ بولنگ نے ہند کی فتح میں اہم کردار ادا کیا  27رنز کے عوض 4وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹاس جیت کر ہندوستانی کپتان روہت شرما نے پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی ۔ شردل ٹھاکر نے سری لنکن بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا ۔ اوپنر کوشل مینڈس نے55رنز کے ساتھ کسی حد تک مزاحمت کی جبکہ اپل تھرنگا 22اور داسن شناکا 19رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ سری لنکن ٹیم مقررہ20اوورز میں9 وکٹوں پر 152رنز بنا سکی۔ شردل ٹھاکر نے 4اوورز میں27رنز دے کر4واشگٹن سندر نے2 جبکہ جیدیو انڈکٹ، یزویندر چاہل اور وجے شنکر نے ایک وکٹ لی۔ جوابی بیٹنگ میں 13پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 85 رنزپرہند کے4کھلاڑی آوٹ تھے تاہم منیش پانڈے اور دنیش کارتک نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 68رنز اسکور کرتے ہوئے 18ویں اوور میں ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔دونوں نے با لترتیب 42 اور 39رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکن بولر الیلا دھننجایا نے 2نووان پردیپ اور جیون مینڈس نے ایک، ایک وکٹ لی۔شردل ٹھاکر کو ان کی عمدہ بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سیریز کا پانچواں میچ ہند اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: