سینیٹ میں " صادق " آگیا ، قومی اسمبلی میں بھی " امین " آئیگا، حافظ حسین احمد

 شہباز کے صدر منتخب ہونے کے بعد "ن"لیگ اب مسلم لیگ"ش"بن چکی ہے، جمعیت علماءاسلام کے سیکرٹری اطلاعات کی اردو نیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ سینیٹ میں تو "صادق" آگیااگر "وہ" چا ہیں گے تو قومی اسمبلی میں بھی"امین" آئیگا۔اس طرح"صادق و امین" کے حوالے سے آئینی تقاضا پوراہوگا۔اللہ نہ کرے قومی اسمبلی میں دوبارہ کوئی"میر جعفر"آئے۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے مزید کہا "ایوان بالا" کو بجٹ پاس کرنے کا اختیارہوتا تو نہ صرف بلوچستان کے پی کے بلکہ سندھ کوبھی فائدہ ہوتا۔اگر سینیٹ کاانتخاب براہ راست ہو تو "زر" اور "زردار" کا عمل و دخل نہیں رہے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا آج شہبازشریف کے صدر منتخب ہونے کے بعد "ن"لیگ اب مسلم لیگ"ش"بن چکی ہے اورلگتا ہے "شہباز" کے آنے کے بعد"نواز" جلد "پرواز" کریں گے اور ماضی کے"جان نثار" چوہدری نثار "فعال" ہوسکتے ہیںاس طرح شہباز اورنثار کی "پارٹنرشپ"اپنی مفاہمتی و مذاکراتی اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں ۔

شیئر: