Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسکول مینجمنٹ کونسل سے بھرپور تعاون کرینگے، سفیر پاکستان

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں نئی مینجمنٹ کونسل کی تعارفی تقریب سے خطاب
ریاض ( ذکاءاللہ محسن ) پاکستان انٹرنیشنل ا سکول ناصریہ میں نومنتخب ا سکول مینجمنٹ کونسل کے ارکان کے حوالے سے تعارفی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق، لنک آفیسر ویلفئیر اتاشی عبدالشکور شیخ، کونسل کے ممبران اوراسکول پرنسپل پروفیسر طاہر رضا اور اساتذہ نے شرکت کی اس موقع پر ا سکول پرنسپل پروفیسر طاہر رضا نے بتایا کہ سعودی حکومت کے مطابق ا سکولوں میں مینجمنٹ کونسل کا قیام لازمی ہے ۔ اس حوالے سے7 رکنی مینجمنٹ کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ کمیٹی اگلے 3 سال تک کے لئے کمیونٹی اور اسکول کے مابین روابط کو مزید اچھا بنائے گی اورا سکول کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریگی۔ لنک افسر عبدالشکور شیخ اور سفیر پاکستان، سعودی ایجوکیشن منسٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے اسکول کی بابت بات کرکے ماحول کو سازگار بنانے اور تعلیمی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسکول مینجمنٹ کونسل کے چیئرمین کرنل عبید اللہ، وائس چیئرمین رجب علی خواجہ، سیکریٹری محمد افضل، ممبران فیض اللہ گوندل ، ڈاکٹر عبید اللہ جان، محمد عمران اور ڈاکٹر طلحہ کا کہناتھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے ساتھ منسلک ہوئے ہیں۔ اگلے تین برس ہماری کوشش رہیگی کہ ہم اساتذہ اور طلباءکے درمیان رہ کر اسکول کی بہتری کیلئے کام کریں اور ایسا سسٹم بنائیں کہ اسکول کے معمولات بہتر انداز میںحل ہوں۔ سفیر پاکستان ہشام بن صدیق نے اسکول مینجمنٹ کونسل کے نومنتخب ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ پوری دیانتداری اور ایمانداری سے اسکول کی بہتر کیلئے کام کریں گے۔ تعلیم ہماری موجودہ اور آئندہ نسل کیلئے بہت اہم ہے۔ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے تعلیمی اداروں کو بہتر کردار ادا کرنا ہوگا۔ سفارتخانہ قونصلر کیساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ 4ماہ میں اسکول کی عمارت کی تعمیر شروع کردی جائیگی۔ تقریب میں تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ زاہد نے حاصل کی جبکہ نظامت کے فرائض وائس پرنسپل پروفیسر گوہر نے انجام دیئے۔

شیئر: