Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

 
شارجہ: پی ایس ایل کے چوتھے مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی7 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کےلئے کوالیفائی کرلیا اور کراچی کنگز کی فائنل تک رسائی کی امید قائم رکھی۔کراچی کنگز کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو فائدہ مند ثابت ہوئی۔ جے پی ڈومینی اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عثمان شنواری نے دوسرے ہی اوور میں ڈومینی کو 4رنز پر آوٹ کردیا۔محمد عرفان نے دوسرے اوپنر ہیلز کو بھی 11 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ کپتان مصباح الحق خود بیٹنگ کےلئے آئے اور چیڈوک والٹن کے ساتھ ملکر 29 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہد آفریدی نے والٹن کو 21اور مصباح الحق کو19رنز پرآوٹ کر کے اسلام آباد کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا۔آصف علی نے قدرے مزاحمت کی کوشش کی اور 14گیندوں پر 4چھکوں کی مددسے 34رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔پوری ٹیم ایک اوور قبل ہی 124رنز پر سمٹ گئی۔عثمان شنواری نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے جبکہ محمد عرفان اور شاہد آفریدی نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔قدرے آسان ہدف کیلئے کراچی کنگز کے خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے اننگز کا آغاز کیا ، خرم 15 رنز بنا کر لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم نے ڈینلی کے ساتھ ملکر 36 رنز کا اضافہ کیا۔ڈینلی بھی 36 رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کا شکار بنے ۔کپتان مورگن خود صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کولم انگرام نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر قدرے تیزی سے میچ سمیٹ دیا ۔ بابر اعظم نے29اور کولم انگرام نے 31رنز ناٹ آوٹ بنا کر 17ویں اوور میں ہی کراچی کنگز کو7وکٹوں سے کامیابی دلاتے ہوئے نہ صرف پلے آف میچ میں پہنچا دیا بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن بھی دلا دی۔پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہتے ہوئے ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں ۔دبئی میں 18مارچ کو یہی دونوں ٹیمیں ایک بار پھر پہلے پلے آف میں آمنے سامنے ہوں گی اور جیتنے والی ٹیم ڈائریکٹ فائنل کھیلے گی۔لاہور میں پہلا پلے آف 20مارچ کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین ہو گا۔ جیتنے والی ٹیم پہلا پلے آف ہارنے والی ٹیم کے ساتھ 21مارچ کو کھیلے گی۔21مارچ کی فاتح فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم ہوگی۔

شیئر: