Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرسٹیانو رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کی نصف سنچری

 میڈرڈ:ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے ریکارڈز کی فہرست میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے لالیگا میں اپنے کلب کو 3-6 سے فتح دلانے میں کامیاب ہو گئے ۔ شاندار کھیل کی بدولت کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر کی50ویں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔2016-17ءکے فٹبال سیزن کے اختتامی مراحل کے دوران فرسٹ ڈویژن لیگ میں شامل کئے جانے والے کلب گیرونا نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور رئیل میڈرڈ کو 3گول کرنے میں کامیاب رہا۔ فارورڈ کرسٹیان اسٹوانی نے2گول کئے ،گیرونا کی دفاعی لائن کے پاس رونالڈو کے حملوں کا کوئی جواب نہیں تھا جنہوں نے میچ کے 11ویں منٹ میں ٹونی کروس کے پاس پر اپنا پہلا گو ل کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی تھی۔ 29ویں منٹ میں گیرونا کے فارورڈ اسٹوانی نے شاندار ہیڈ کے ذریعے میچ برابر کردیا۔ دوسرا ہاف شروع ہوا تو رونالڈو پھر ایکشن میں آئے ،دوسرے ہی منٹ میں گول کرکے رئیل میڈرڈ کو پھر سبقت دلادی ۔اس مرتبہ انہیں کریم بیزیما کی مدد حاصل ہوئی۔ 59ویں منٹ میں ایک اور خوبصورت موو کے دوران رونالڈو کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن انہوں نے ساتھی کھلاڑی ویکز کو پاس دیا جو گول کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ٹیم کی برتری بھی3-1ہو گئی ۔5 منٹ بعدرونالڈو نے اپنا تیسرا اور ٹیم کا چوتھاگول کرتے ہوئے کیریئر میں ہیٹ ٹرک کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔گیرونا کے فارورڈ اسٹوانی ایک مرتبہ پھر میزبان ٹیم کی دفاعی لائن توڑنے میں کامیاب رہے اور گول کرکے خسارہ کم کر دیا۔مقررہ وقت ختم ہو نے سے4منٹ پہلے رئیل میڈرڈ کے گیرتھ بیل نے مقابلہ5-2کردیا تاہم 2منٹ بعد گیرونا کے جوآنپے نے ٹیم کا تیسرا گول کردیا ۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد انجری ٹائم میںرونالڈو نے اپنا چوتھا اور ٹیم کا چھٹا گول کرکے فائنل اسکور3-6پہنچا دیا۔ رئیل میڈرڈ لالیگا ٹیبل پر بدستورتیسرے نمبر پر ہے جبکہ ٹاپ ٹیم بارسلونا نے اس سیزن کا ٹائٹل جیتنے کی راہ بڑی حد تک ہموار کر لی ہے۔

شیئر: