Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وٹامن ڈی سپلیمنٹ کی نئی افادیت سامنے آگئی

واشنگٹن.... امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ کے باقاعدہ استعمال سے دل کی رگیں لچکدار اور تندرست رہتی ہیں جس سے فالج اور امراض قلب کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ اگسٹا یونیورسٹی میں واقع جارجیا میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر یانین ڈونگ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے دوران شرکاءکو وٹامن ڈی کی زیادہ مقدار دی گئی تو ان کے دل کی رگوں کی لچک بڑھ گئی اور رگوں کی سختی بھی کم نوٹ کی گئی۔ جیسے جیسے وٹامن ڈی کی مقدار بڑھائی گئی ان کی رگیں اسی لحاظ سے نرم اور لچکدار ہوتی گئیں۔ ڈاکٹر یانین کے مطابق انسانی جلد دھوپ جذب کرکے قدرتی طور پر بدن میں وٹامن ڈی بناتی ہے لیکن سیاہ فام افراد کی گہری رنگت والی جلد سورج کی روشنی اچھی طرح جذب نہیں کرپاتی اور یوں سیاہ فام افراد کی اکثریت وٹامن ڈی کی قلت کا شکار ہوتی ہے۔ دوسری جانب موٹے افراد میں چکنائی کی وجہ سے دھوپ جلد کی اس گہرائی تک نہیں جاسکتی جہاں وٹامن ڈی کی تالیف ہوتی ہے۔ اسلئے سیاہ اور موٹے افراد کےلئے ضروری ہے کہ وہ وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ استعمال کریں ۔ ماہرین کے مطابق بالغ افراد کےلئے روزانہ وٹامن ڈی کے 600 یونٹ استعمال کرنا درست ہے تاہم اس سے زیادہ یونٹ استعمال کرنے سے انسانی جسم پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔ واضح رہے کہ وٹامن ڈی جسم کی اندرونی سوزش کو بھی کم کرتا ہے۔ 

شیئر: