Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محترم مہینے میں کئے جانے والے گناہ کا وبال دگنا ہے، امام حرم

مکہ مکرمہ .... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر اسامہ خیاط نے کہا ہے کہ رجب اللہ تعالیٰ کا محترم مہینہ ہے۔ اس میں جہاں نیک اعمال کا اجر بڑھا چڑھا کر دیا جاتا ہے وہاں محترم مہینے میں کئے جانے والے گناہ کا وبال دگنا ہے۔ جو لوگ محترم مہینے کاا حترام نہیں کرتے اور اسکی تعظیم سے بے پروائی اختیار کرتے ہیں اصل میں وہ لوگ اللہ کی حرمت کو پامال کرتے ہیں اور اس مہینے کی تعظیم نہیں کرتے جسے اللہ تعالیٰ نے عظیم قرار دیا ہے۔ وہ مسجد الحرام میں ایمان افروز ماحول میں جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سال میں 4محترم مہینے مقرر کئے ہیں۔ ان میں سے 3ذی القعدہ، ذی الحجہ اور محرم لگاتار ہیں جبکہ چوتھا مہینہ رجب کا ہے۔ جاہلیت کے زمانے میں اپنی سہولت کے مطابق محترم مہینوں کو آگے پیچھے کیا جاتا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اس سے منع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے یہاں محترم مہینے مقرر ہیں۔ جس طرح اللہ تعالیٰ بعض مقامات کو بعض مقامات پر فضیلت دیتا ہے اسی طرح بعض اوقات کو بعض دیگر اوقات پر فضیلت دے رکھی ہے۔ رجب کا مہینہ ہمیں کثر ت سے نیک اعمال کی ترغیب دیتا ہے۔ محترم مہینے میں عمومی نیکیوں کی ترغیب دی گئی ہے۔ اس میں کسی خاص دن یا خاص رات میں کوئی مخصوص عبادت ثابت نہیں۔ جو آدمی اللہ کو اپنا رب ، اسلام کو اپنا دین اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا نبی مانتا ہے اسے چاہئے کہ دینی تعلیمات کی اتباع کرے اور بدعتوںسے اجتناب کرتا رہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ تیزی سے گزرتا ہوا وقت ہمیں یاد دلا رہا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کی عمر گزر جائیگی اور ایک نہ ایک دن اسے موت کا مزہ چکھنا ہوگا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی جانب سے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ عبدالباری الثبیتی نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے مسلمانوں کی تذکیر کی کہ ہم میں سے ہر ایک کا آخر کار ٹھکانہ قبر ہے۔ یہ آخرت کی پہلی منزل ہے۔ یہاں سے جو آدمی بچ گیا سو اسکے اگلے مراحل بھی آسان ہوجائیں گے۔ اسی طرح جو آدمی پہلی منزل میں ہی نامراد ہوا اس کی اگلی منزلیں زیادہ مشکل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ عقلمند شخص وہ ہے جو اپنی موت سے پہلے موت کے بعد کے مراحل کی تیاری کرتا ہے۔ سعادت مند شخص وہ ہے جو مرنے کے بعد صدقہ جاریہ چھوڑتا ہے۔ قبر کی وحشتوں سے بچنے کا واحد ساتھی قرآن مجید ہے۔ اس کے ساتھ رشتہ جوڑے رکھنے کا فائدہ یہ ہے کہ یہ ہمیں قبر کی ہولناکیوں سے اور بعد کے مشکل مراحل سے محفوظ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عذاب قبر ثابت ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ گناہ بتائے ہیں جن کی وجہ سے آدمی کو قبر میں عذاب دیا جاتا ہے۔
 
 

شیئر: