Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور زلمی اور اسلام آبا دیونائیٹڈتینوں ایڈیشن کی بیسٹ ٹیمیں

کراچی:نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں لیگ کی پہلی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کی ٹیمیں ٹرافی کے حصول کیلئے مقابلہ کریں گی ۔ دونوں ٹیمیں اس لیگ کی کامیاب ترین ٹیمیں بھی ہیں۔ لیگ کے ابتدائی 2ایڈیشنز اور جاری سیزن کے دوران ہو نے والے مقابلوں کو دیکھا جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی پر معمولی برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ایونٹ کے تینوں ایڈیشن میں 7 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 4 اسلام آباد یونائیٹڈ نے جبکہ3 پشاور زلمی نے جیتے۔ 2016 کے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے راونڈ میں کامیابی حاصل کی لیکن اسی ایڈیشن کے تیسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا اور مصباح الحق کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ دوسرے ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو پشاور زلمی نے اسلام آبادیونائیٹڈ کو 34 رنز سے ہرادیا، جاری ایڈیشن کے دوسرے راونڈ میں زلمی سے مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 26 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ مجموعی طور پر ایونٹ میں کامیاب ترین ٹیم پشاور زلمی کو یونائیٹڈ پر برتری حاصل ہے اور انہوں نے اب تک تینوں ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 19 فتوحات سمیٹیں ہیں جبکہ یونائیٹڈ کی ٹیم 18 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔ ایونٹ کی تاریخ کی دو بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

شیئر: