Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کو ویلز نے 0-6سے گول سے ہرادیا، گیرتھ بیل کی ہیٹ ٹرک

 
بیجنگ: ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے ویلش کھلاڑی گیرتھ بیل نے قومی ٹیم کی جانب سے چین کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنی پہلی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ویلز کو6-0سے کامیابی دلادی ۔ میزبان ٹیم کوشش کے باوجود ویلز کے خلاف کوئی گول نہ کرسکی۔ ایک زمانے میں دنیا کے سب سے مہنگے فٹبالر کا اعزاز حاصل کرنے والے گیرتھ بیل اپنی ہیٹ ٹرک کی بدولت ویلز کے ٹاپ اسکورر بھی بن گئے۔گیرتھ بیل نے29گول کئے ہیں اس سے پہلے این رش 28گولز کے ساتھ اس ریکارڈ کے مالک تھے۔ویلز کی اس بڑی فتح کے نتیجے میں نئے کوچ ریان گگز نے بھی ویلزکے ساتھ اپنے کیریئر کا کامیاب آغاز کیاہے۔گیرتھ بیل نے جو تقریباً7ہزار کلو میٹر کا سفر کرکے قومی ٹیم کے ساتھ اس میچ میںکھیلنے کیلئے چین پہنچے تھے دوسرے ہی منٹ میں ٹیم کو برتری دلانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ انہوں نے دوسرا گول 21ویں منٹ میں اسکور کرکے برتری دگنی کردی۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل ویلز کی ٹیم مزید2گول کرنے میں کامیاب ہو چکی تھی اور چینی دفاعی کھلاڑی بے بسی سے گولز کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے رہے۔یہ دونوں گول سیم و وکس اور ہیری ولسن نے کئے اورپہلے ہاف کے آخری منٹ میں اسکور کو0-4تک پہنچا دیا۔سیم ووکس نے ویلز کا پانچواں اور اپنا دوسرا گول 58ویں منٹ میں کیا جبکہ اس کے 4منٹ بعد گیرتھ بیل نے ٹیم کا چھٹا گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی ۔گیرتھ بیل نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ میں نے یہ خواب بھی کبھی نہیں سوچاکہ میں اپنے ملک کیلئے کوئی ریکارڈ بناوں گا لیکن آج مجھے یہ اعزاز حاصل ہوگیا۔

شیئر: