Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز:گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ نے اولمپکس پر نظریں گا ڑ دیں

 
سڈنی :آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ نے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ریسلر کے خلاف مقابلے میں اعصاب پر قابو رکھنے کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی پہلوان سومویر ٹورنامنٹ کا سب سے فیورٹ پہلوان تھا اور ان کے خلاف مقابلے میں ہندوستانی تماشائیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہندوستانی شائقین جب اپنے ملک کے حق میں نعرے لگا رہے تھے تو میں نے اسی وقت اپنے ذہن میں یہ تصور کر لیا کہ یہ سب نعرے ہندوستانی پہلوان کے حق میں نہیں بلکہ میرے حق میں ہیں جس سے مجھے ہندوستانی ریسلر پر حاوی ہونے اور اسے شکست دینے میں مدد ملی۔کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈل مقابلے کے حوالے سے انعام بٹ نے بتایا کہ نائیجیرین ریسلر میلون بیبو بھی ورلڈ نمبر2اور افریقن چیمپیئن ہے۔ بیبو سے مقابلے سے قبل کوچنگ اسٹاف کے ساتھ بیٹھ کر مخالف ریسلر کی تمام خوبیوں اور خامیوں کا بغور جائزہ لیا اور پھر کشتی کےلئے حکمت عملی ترتیب دی۔انعام بٹ نے کہا کہ وہ اپنا ٹائٹل پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں کیونکہ یہ سب قوم کی دعاوں کی بدولت ہی ممکن ہوا ۔انہوں نے کہا کہ میری جیت کا کریڈٹ ہر اس فرد کو جاتا ہے جس نے اس کو میرے لئے ممکن بنایا، میرے خاندان والوں، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کو بھی جیت کا کریڈٹ جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان کا میڈل ہے اور میں شکر گزار ہوں کہ اسے حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔اپنی مالی مشکلات کے حوالے سے انعام بٹ نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل حکومت سے مالی تعاون کی درخواست کی جو کسی نے نہیں سنی۔ انہوںنے کہاکہ میں نے 4 ماہ قبل حکومت سے ٹریننگ کےلئے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا تاہم کچھ بھی نہیں دیا گیا۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے اس حوالے سے کوئی تعاون کیا تو میں نے خود ٹریننگ کی۔انعام بٹ نے کہا کہ قومی ریسلرز نے پاکستان کیلئے بہت محنت کی اور حکومتی تعاون کے مستحق ہیں۔کامن ویلتھ گیمز میں 2مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ریسلر نے بتایا کہ اولمپکس گیمز ہر 4 سال بعد آتے ہیں اور ہند سمیت دیگر ممالک نے 2016 ءکے بعد 2020ءکے گیمز کی منصوبہ بندی شروع کردی تھی ۔ اب بھی ہمارے پاس اولمپکس کی تیاری کےلئے 2 سال ہیں، اگر حکومت مالی تعاون کرتی ہے تو 2020 کے گیمز میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

شیئر: