Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ا للہ کے قرب کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ خدمت خلق ہے، محمد فیاض

تلنگانہ این آر آئی فورم کی جانب سے اعتراف خدمات اور شیلڈ پیش کی گئی 
جدہ (امین انصاری )تلنگانہ این آر آئی فورم کے نائب صدر محمود مصری نے محمد فیاض سینیئر کمرشیل منیجر ایئر انڈیا حیدرآباد کی جدہ آمد پر ان کے اعزاز میں مخصوص نشست کا اہتمام کیا ۔ جس میں جدہ کی معروف شخصیتوں نے شرکت کی ۔ محمود مصری نے اس موقع پر مہمان کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ محمد فیاض32 سال سے ایئر انڈیا میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں انہوں نے حجاج کی خدمت کو اپنا شیوہ بنایا ہوا تھا اور ایسے ضعیف اور مجبور احباب کی خدمت کرتے جو سفرکیلئے کسی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ۔ تلنگانہ این آر آئی فورم نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں شیلڈ پیش کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ 
محمد فیاض نے کہا کہ اللہ نے مجھے ایسے عہدے پر فائز کیا ہے جس سے میں پریشان حال اور مجبور لوگوں کی خدمت کرسکتا ہوں ۔ جب کوئی اپنے ٹکٹ اور سیٹ کیلئے پریشان ہوتا ہے جہاں تک ممکن ہوسکتا ہے میں ان کی مدد کرنے کی کوشش کرتا ہوں نیز حاجیوں کے بے شمار مسائل ہوتے ہیں جس میں سب سے زیادہ سامان سفر اور ویل چیئر جیسے مسائل ان کے لئے مسئلہ بن جاتے ہیں میری کوشش ہوتی ہے کہ ان حاجیوں کی پریشانیوں کو دور کرتے ہوئے انہیں راحت دوں تاکہ ان کی دعائیں میری زندگی اور آخرت کا سرمایہ بن جائیں ۔ انہوں نے خدمت خلق کو آخرت کا بہترین تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اللہ کے قرب کو حاصل کرنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے ۔ جدہ میں رہنے والی حیدرآبادی کمیونٹی کے احباب کے کاموں کو انہوں نے سراہا اور کہا کہ اپنی روزگار کی مصروفیات کے باوجود خدمت خلق سے جڑے رہنا یقینا اللہ تعالیٰ کی ان پر خاص عنایت ہے ۔ 
نشست میں محمد لیاقت علی خان، منور علی خان ، محمد لئیق ،مقصود علی خان ، محمد قیام الدین ، سلیم یافعی اور دیگر احباب نے شرکت کی ۔

شیئر: