دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ پر نئے تجربات ہونگے

لاہور:دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کے ساتھ نئے تجربات کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان تجربات کی کامیابی ٹیم کیلئے بہت اہم ثابت ہوگی۔دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر اور ٹی ٹوئنٹی میں اوپننگ کرتے ہیں لیکن آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ٹیسٹ میچوں کے دوران انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔سب سے اہم اور مشکل ترین پوزیشن ون ڈاون پر حارث سہیل کھیلیں گے، حارث سہیل چھٹے نمبر سے ون ڈاون پر آئیں گے۔ حیران کن طور پر جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو بھی مڈل آرڈر میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جائے گا اور انہیں ذمہ داری دی جائے گی کہ وہ جارحانہ بیٹنگ کریں۔ ٹیم انتظامیہ نے تربیتی کیمپ کے دوران جو حکمت عملی بنائی ہے اس کے مطابق اس دورے میں بیٹنگ کے مختلف کمبی نیشن چیک کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی یقینی طور پر اننگز کا آغاز کریں گے۔ اوپننگ کی دوسری پوزیشن کے لئے سمیع اسلم اور امام الحق کے درمیان مقابلہ ہے۔ چوتھے نمبرپر بیٹنگ کیلئے بابر اعظم اور پانچویں پر تجربہ کار اسد شفیق آئیں گے۔سیریز میں سب سے دلچسپ فیصلہ فخر زمان کو چھٹے نمبر پر کھلانے کا ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں عام طور پر چھٹے نمبر والا بیٹسمین جس وقت کریز پر آتا ہے مخالف ٹیم کو دوسری نئی گیند مل جاتی ہے، اس لیے فخر زمان کو اس نئے چیلنج کا سامنا بھی ہوگا ۔ذرائع کے مطابق دو سائیڈ میچوں کے بعد پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے حتمی 11 کھلاڑی سامنے آئیںگے۔پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا، دوسرے ٹیسٹ کا آغاز یکم جون سے ہو گا۔

شیئر: