Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجر بے کا کوئی نعم البدل نہیں، یونس خان

کراچی:ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ تجربے کا کبھی کوئی نعم البدل نہیں ہوتا اور میرے خیال میں فواد عالم کے ساتھ سراسر زیادتی ہوئی ہے، اسکی عمر دیکھنے والے اس کی کارکردگی پر نظر ڈالنے کی زحمت کر لیتے تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ا فسوس کی بات ہے کہ مسلسل کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو موقع نہیں مل رہا اور نوجوانوں کو مواقع دینے کے نام پر ایسی ٹیم منتخب کی گئی جو موسمی صورتحال کیوجہ سے بڑے چیلنج سے دوچار ہو سکتی ہے۔ یونس خان نے کہا کہ میں کپتان ہوتاتو فواد عالم ٹیم کا حصہ ہوتے ۔سابق ٹیسٹ کپتان کہتے ہیں کہ فواد عالم بدقسمت ہیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود موقع نہیں مل رہا۔ فواد عالم کی تکنیک پر کی جانے والی تنقید کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ میں اسے ماننے کے لئے تیار نہیں کیونکہ ہر کھلاڑی اپنی تکنیک کے ساتھ پرفارمنس پیش کرتا ہے اگر وہ اسی تکنیک کے ساتھ یہاں کامیاب ہے تو باقی سب کھلاڑیوں کی تکنیک کیوں زیر بحث نہیں ۔ انہوں نے اپنی مثال دی کہ میرے بارے میں لوگ خیال کرتے تھے کہ میں آسڑیلیا اور انگلینڈ میں جا کر ناکام ہو جاوں گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ آسڑیلیا میں 6 ٹیسٹ میچز کھیلے وہاں 50.63 کی اوسط سے 557 رنز اسکور کئے جبکہ انگلینڈ میں 9 ٹیسٹ میچز میں 50.52 کی اوسط سے 810 رنز بنائے۔ مصباح الحق 41 سال اور میں 39 سال کی عمر تک پاکستان کے لئے کھیلا۔ عمر پرفارمنس میں حائل نہیں ہوئی۔ فواد عالم کو ایک موقع دینے میں کوئی ہرج نہیں تھا۔ کپتان، کوچ یا پھر بطور چیف سلیکٹر وہ فیصلہ کرنا چاہیے جو ملک اورٹیم کے مفاد میں ہو۔ یہ کیسی سلیکشن ہے کہ سب اس کی ذمہ داری دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔
 

شیئر: