Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلیمی ادارے پیشہ ور افراد کے علاوہ رہنما بھی پیدا کریں،سفیر پاکستان

نوجوان اپنے وطن کا بہت بڑا سرمایہ ہیں، پاکستانی مدارس کی عمارات پر کام جلد مکمل ہو گا، انٹرنیشنل اسکول سلیمانیہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کا شمار دنیا کے ذہین ترین افراد میں ہوتا ہے اور اگر وہ اس کے ساتھ محنت کا عنصر بھی شامل کرلیں تو پھر انہیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ وہ سفارتخانے میں منعقدہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول سلیمانیہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات برائے 2016-17میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سردار محمد خان خٹک ، ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان، فرسٹ سیکریٹری عمر منظور ملک،ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور ، ایرونیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار ، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض جاوید خواجہ ستارہ امتیاز اور برٹش کونسل کے شعبہ امتحانات کے افسران عبدالرحمان اور ذوالفقار احمد کے علاوہ بچوں کے والدین اور عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض طالبعلم معید عابد ، طالبہ سارہ اسلم اور اساتذہ غلام مجتبیٰ اور صائمہ نورین نے ادا کئے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے شاندار نتائج کے حصول پر طلباءو طالبات اور ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور واضح کیا کہ گو سوشل میڈیا علم اور معلومات کا ذریعہ بن چکا ہے ۔ والدین کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کو اس کے منفی اثرات سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 35سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ وطن کے لئے ایک بہت بڑا سرمایہ ہے۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کو پیشہ ور افراد کے علاوہ رہنما بھی پیدا کرنے چاہئیں۔ انہوں نے اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا کہ لڑکیوں نے امتحانات میں لڑکوں سے بہتر نتائج حاصل کئے تھے جو اس حقیقت کا اظہار تھا کہ پاکستان میں خواتین بھی اب وطن کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ مملکت میں قائم پاکستانی مدارس کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ الخبر کے مدرسے کے لئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ ناصریہ ریاض کی عمارت زیر تعمیر ہے۔ بہت جلد سلیمانیہ ریاض کے لئے بھی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں پرنسپل محمد تنویر نے اپنے استقبالی خطاب میں ادارے کی سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالی او رکہا کہ 2طالبات مائدہ اعزاز نے آئی جی سی ایس ای اور عالیہ حمید نے جی سی ای اولیول امتحانات برائے 2017ءمیں بالترتیب ریاضی اور اسلامیات میں دنیا بھر میں اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ اسی طرح علاقائی سطح پر اور مملکت میں بھی ادارے کے طلبہ و طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ محمد تنویر نے واضح کیا کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ادارے کے طلبہ و طالبات کی کارکردگی انتہائی قابل تعریف رہی تھی۔ تقریب کے دوران بچوں نے قومی ترانوں پر انتہائی دلکش ٹیبلو اور رقص پیش کئے۔ مہمان خصوصی نے سردار محمد خٹک اور پرنسپل کی معاونت سے اعلیٰ نتائج حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں۔ ادارے کی طرف سے سردار محمد خٹک اور سفیر پاکستان کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
 

شیئر: