Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی کا اجلاس آج کولکتہ میں ہوگا

کولکتہ:کرکٹ کے میدان میں کھلاڑیوں کی منفی حرکتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں آج سے شروع ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں صورتحال پر غور اور تدارک کیلئے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ جنوبی افریقہ میں میزبان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی سیریز کے دوران پیش آنے والے واقعات اور پھر بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے نتیجے میں3سینیئرکھلاڑیوں پر پابندی اور جرمانے کے بعد آئی سی سی ایسے اقدامات پر غور کرے گی جن کے ذریعے آئندہ کسی سیریز یا میچ کے دوران ایسے واقعات نہ ہو ں۔ کولکتہ میں 26اپریل تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران کھلاڑیوں کے آن فیلڈ رویے پر بطور خاص بات ہو گی۔ میچ ریفری جیف کروکی رپورٹ بھی زیر بحث آئے گی جس میں انہوں نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی سیریز کو حریف ٹیموں کے طرزعمل کے تناظر میں کیریئر کی بدترین سیریز کہا تھا۔اجلاس کے دوران آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیموں کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔31 دسمبر 2018ءتک رینکنگ کی ٹاپ 10 ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست جگہ بنا لیں گی جبکہ6 کو کوالیفائرز کے ذریعے رسائی ملے گی ۔ورلڈ کپ2019 ءکے شیڈول کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں2 نئی تقرریاں ہوںگی ۔ آسٹریلیا کے ڈیرن لہمین مستعفی ہوچکے ہیںلہذا کسی اورکوچ کو جگہ ملے گی۔اسی طرح ایسوسی ایٹس کی نشست پر کیون اوبرائن کے 3 برس مکمل ہو گئے ہیں جبکہ آ ئرلینڈ کو بھی اب مکمل رکن کا درجہ مل چکا ہے لہذا کسی دوسرے ملک کے نمائندے کو کرکٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ اس کمیٹی کے چیئرمین سابق اسپنر انل کمبلے ہیں ۔
 

شیئر: